اسرائیل کی غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری ، 33 ہلاک
غزہ کی پٹی، 29 اکتوبر (ہ س) ۔ گزشتہ روز ایک اسرائیلی ریزرو فوجی کی ہلاکت کے بعد غزہ کی فضا بارود سے بھری ہوئی ہے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اس قتل کا ذمہ دار حماس پر عائد کیا ہے اور اس کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ تازہ ترین آئ
اسرائیل کی غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری ، 33 افراد ہلاک


غزہ کی پٹی، 29 اکتوبر (ہ س) ۔

گزشتہ روز ایک اسرائیلی ریزرو فوجی کی ہلاکت کے بعد غزہ کی فضا بارود سے بھری ہوئی ہے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اس قتل کا ذمہ دار حماس پر عائد کیا ہے اور اس کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ تازہ ترین آئی ڈی ایف کے فضائی حملوں میں کم از کم 33 افراد ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ یہ حملے غزہ سٹی، بیت لحیہ، البوریج، نصرت اور خان یونس میں ہوئے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق غزہ کی پٹی میں حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 33 فلسطینی شہید ہو گئے۔ حماس نے دعویٰ کیا کہ اس کا فوجی کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ثالثی میں جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔ ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ ہماری ٹیمیں اب بھی ملبے تلے سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو نکال رہی ہیں۔

اس پیش رفت کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی خطرے میں نہیں ہے، چاہے کچھ بھی ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اس کے فوجیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اسرائیل کو جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے۔ قبل ازیں منگل کی سہ پہر، ریزرو فوجی کی ہلاکت کی خبر کے بعد، وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے شام کو ایک مختصر بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے فوج کو ایک بڑے حملے کا حکم دیا ہے۔ اس بیان سے قبل وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ حماس نے منگل کو غزہ میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرکے ’سرخ لکیر‘ عبور کی ہے اور اسے اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔ ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے کہا کہ حماس کا حملہ یلو لائن کے مشرق میں ہوا، جو جنگ بندی معاہدے کے تحت غزہ کے اندر اسرائیل کے زیر کنٹرول علاقے کو نشان زد کرتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی سہ پہر جنوبی غزہ کے شہر رفح میں فوجیوں پر میزائل داغے گئے۔

الجزیرہ ٹی وی نے طبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے میں کم از کم 63 افراد ہلاک ہوئے۔ چینل کے مطابق ان میں 24 بچے بھی شامل ہیں۔ اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والے غزہ پر اسرائیل کے حملے میں کم از کم 68,527 افراد ہلاک اور 170,395 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں کے دوران اسرائیل میں کل 1,139 افراد ہلاک اور تقریباً 200 یرغمال بنائے گئے تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande