
کینبرا، 29 اکتوبر (ہ س)۔ بارش نے ایک بار پھر شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل بدھ کو مسلسل بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ اب 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے 3.4 اووروں میں 35 رنوں کا اضافہ کرتے ہوئے ہندوستان کو تیز شروعات دی۔ ابھیشیک کو چوتھے اوور کی پانچویں گیند پر ناتھن ایلس نے آؤٹ کیا۔ پانچویں اوور کے اختتام پر بارش شروع ہوئی اور جب رک گئی تو میچ کو 18 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
اس کے بعد شبھمن گل اور سوریہ کمار یادیو نے صرف 35 گیندوں میں 62 رنز کی شاندار شراکت کے ساتھ اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ہندوستان کا اسکور 9.4 اوور کے بعد 97/1 تھا جب آسمان پر سیاہ بادل جمع ہو گئے اور دوبارہ تیز بارش شروع ہو گئی جس سے کھیل رک گیا۔ تاہم بارش کا سلسلہ جاری رہا اور امپائروں نے میچ کو منسوخ قرار دے دیا۔
اگرچہ بارش کی وجہ سے اس میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، لیکن ہندوستانی بلے بازوں کی کارکردگی نے آنے والے میچوں کے لیے شائقین کو یقیناً پرجوش کردیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد