نیپال میں شدید برف باری کی وجہ سے ہزاروں سیاح مکتی ناتھ علاقہ میں پھنسے،جن میں زیادہ تر ہندوستانی ہیں۔
کاٹھمنڈو، 28 اکتوبر (ہ س)۔ نیپال کے ہمالیائی علاقے میں کل رات سے شروع ہونے والی بارش آج صبح بھاری برفباری میں بدل گئی۔ مکتی ناتھ علاقے کی سیر کرنے آئے ہزاروں سیاح برف باری کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ مستونگ ضلع کے مشہور مکتی ناتھ علاقے میں آج صبح سے
نیپال


کاٹھمنڈو، 28 اکتوبر (ہ س)۔ نیپال کے ہمالیائی علاقے میں کل رات سے شروع ہونے والی بارش آج صبح بھاری برفباری میں بدل گئی۔ مکتی ناتھ علاقے کی سیر کرنے آئے ہزاروں سیاح برف باری کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔

مستونگ ضلع کے مشہور مکتی ناتھ علاقے میں آج صبح سے برف باری ہو رہی ہے۔ مستونگ کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر وشنو پرساد بھوسال نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے بدھ تک برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔

مستونگ ضلعی انتظامیہ نے بدھ تک مکتی ناتھ اور آس پاس کے علاقوں میں ٹریکنگ کے خلاف مشورہ دیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے ایک نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مکتی ناتھ علاقے میں پھنسے ہوئے مسافر کل تک محفوظ مقامات پر رہیں۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسم بہتر ہونے کے بعد ہی اپنا سفر دوبارہ شروع کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پیر کو 15000 سیاح، جن میں زیادہ تر ہندوستانی سیاح تھے، درشن کے لیے مکتی ناتھ کے علاقے میں پہنچے۔ تمام سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کار سے سفر کرنے سے گریز کریں اور بدھ تک کسی بھی زیارت پر نہ جائیں۔

اسی طرح ضلع گورکھا کے شمالی علاقوں میں آج صبح سے ہی برف باری ہورہی ہے۔ گورکھا سے متصل اضلاع میں تقریباً 5 سے 6 فٹ برف جمع ہو گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ برف باری سے روزمرہ کی زندگی کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔

چین سے ملحقہ گاؤں چمنوبری کے رہائشی پاسنگ پھنجو لاما نے بتایا کہ برف باری کی وجہ سے تمام سرحدی دیہات میں معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے برف باری کی وارننگ جاری کر دی تھی لیکن اتنی شدید برف باری کا اندازہ نہیں تھا۔ نیپال کے محکمہ موسمیات نے بدھ تک شمالی علاقہ گنڈکی، کرنالی اور لومبینی صوبوں میں برف باری کی وارننگ دی ہے۔ بحیرہ عرب میں کم دباؤ کے نظام کی تشکیل کے باعث موسم میں تبدیلی کی اطلاع دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بھی ملک بھر میں مسلسل تین دن بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ایک بیان میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ پیر کی رات گئے شروع ہونے والی بارش جمعرات تک ملک کے بیشتر حصوں میں جاری رہے گی۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande