
ماسکو، 28 اکتوبر (ہ س)۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے پیر کو وینزویلا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری اور تعاون کے معاہدے کی منظوری کے ایک قانون پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ، جو اب باضابطہ طور پر نافذ ہے، دوطرفہ اقتصادی، سیاسی، فوجی اور توانائی کے شعبوں میں گہرے تعاون کو تقویت دے گا۔
دوطرفہ معاہدے پر روس کے صدر پیوتن اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے اس سال 7 مئی کو ماسکو میں دستخط کیے تھے۔
دریں اثناء روسی پارلیمنٹ کے ایوان بالا فیڈریشن کونسل نے حال ہی میں اس کی منظوری دی تھی جس کے بعد یہ پیر کو پوتن کے دستخط کے ساتھ موثر ہو گیا تھا۔
روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، دفاع اور تجارت کے شعبوں میں تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے برابر اور قابل اعتماد شراکت داری کو فروغ دے گا۔ یہ اقدام امریکی پابندیوں کے درمیان وینزویلا کے لیے روس کی مضبوط حمایت کی علامت ہے۔ اس سے دونوں فریقوں کے درمیان تیل کی پیداوار اور فوجی امداد میں اضافہ ہوگا۔
مادورو نے اسے ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔ غور طلب ہے کہ امریکہ مادورو کو ’ڈرگ لارڈ‘ کہتا ہے اور اس نے ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف سفری پابندیاں اور دیگر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ یہ اکثر وینزویلا کے ساحلی علاقوں پر منشیات کی اسمگلنگ کے شبہ میں حملے کرتا ہے، جس کے نتیجے میں جان و مال کے نقصان کی اطلاع ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی