پٹنہ، 20 اکتوبر(ہ س)۔بہار اسمبلی انتخاب کے لیے اب تقریباً سبھی پارٹیوں نے اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پیر کے روز دوسرے مرحلہ کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہے، اور آر جے ڈی نے اس آخری دن سبھی 143 امیدواروں کی فہرست جاری کر دی۔ سیٹوں کی تقسیم کو لے کر مہاگٹھ بندھن میں طویل مدت تک گفت و شنید ہوتی رہی، اور اس درمیان کانگریس نے پہلے ہی 4 لسٹ جاری کر اپنے تقریباً 60 امیدواروں کا اعلان کیا تھا، لیکن آر جے ڈی نے آج ایک ساتھ اپنے 143 امیدواروں کا اعلان کیا۔عظیم اتحاد میں شامل دیگر چھوٹی پارٹیوں نے بھی اپنی اپنی لسٹ جاری کر حاصل سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا۔آر جے ڈی کی لسٹ دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سلطان گنج سیٹ سے کانگریس امیدوار کے خلاف آر جے ڈی نے بھی اپنا امیدوار اتار دیا ہے۔ اس سیٹ پر کانگریس نے للن یادو کو پہلے ہی ٹکٹ دے دیا تھا، لیکن اب آر جے ڈی نے یہاں سے چندن سنہا کو امیدوار بنانے کا اعلان کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔عظیم اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر تنازعہ بھی دیکھنے کو ملا، جس کا نتیجہ ہے کہ تقریباً ایک درجن سیٹیں ایسی ہیں جہاں عظیم اتحاد کے 2 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ حالانکہ ان سیٹوں پر عظیم اتحادکی پارٹیوں نے دوستانہ مقابلے کی بات کہی ہے، پھر بھی ووٹرس کے ذہن میں تذبذب پیدا ہونا لازمی ہے۔اس سے قبل آج صبح کانگریس نے اپنے امیدواروں کی ایک تازہ لسٹ جاری کی جس میں 6 نام شامل کیے گئے ہیں۔ ان 6 ناموں میں 3 مسلم امیدوار ہیں۔ والمیکی نگر سے سریندر پرساد کشواہا، ارریہ سے عبیدالرحمن، امور سے جلیل مستان، براری سے توقیر عالم، کہلگاؤں سے پروین سنگھ کشواہا اور سکندرا سیٹ سے ونود چودھری کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کانگریس نے اس بار اسمبلی انتخاب میں کم و بیش 10 مسلم امیدواروں کو قسمت آزمائی کا موقع دیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan