گوہاٹی، 20 اکتوبر (ہ س)۔ آسام بی جے پی نے معروف گلوکار زوبین گرگ کی موت سے متعلق سیاسی بیان بازی پر سخت اعتراض کیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سیاست کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ عدالتی عمل پر اعتماد کریں۔
بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر اٹل بہاری واجپائی بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کے ترجمان کشور کمار بھٹاچاریہ نے کہا کہ آسام کی زندگی میں زوبین گرگ کا مقام اتنا گہرا تھا کہ ان کی موت کے ایک ماہ بعد بھی ریاست سوگ میں ڈوبی ہوئی ہے۔ دیوالی جیسے روشنیوں کے تہوار کے باوجود، اندھیرا اور خاموشی اب بھی لوگوں کی زندگیوں میں چھائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے 650,000 کارکنان، جیسے کہ زوبین کے لاکھوں پرستار، ان کی بے وقت موت کے پیچھے کی حقیقت جاننا چاہتے ہیں، لیکن صرف عدالتیں ہی انصاف فراہم کر سکتی ہیں۔
بھٹاچاریہ نے کہا کہ عدلیہ دنیا کا سب سے آزاد اور طاقتور ادارہ ہے، اس لیے ہمیں اس پر غیر متزلزل یقین برقرار رکھنا چاہیے۔ تحقیقاتی اداروں کو حقائق پر مبنی شفاف اور مکمل تحقیقات کے لیے کافی وقت دیا جائے تاکہ عدالت میں مضبوط شواہد پیش کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مہم جسٹس فار زوبین گرگ اب ایک عوامی تحریک بن چکی ہے، جو بی جے پی کارکنوں اور لاکھوں مداحوں کو متحد کرتی ہے۔
بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ ریاستی حکومت نے عدالتی عمل کو تیز کرنے کے لیے پہلے ہی کئی اقدامات کیے ہیں۔ ان میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آی ٹی) کی تشکیل، جسٹس سومترا سائکیا کی سربراہی میں عدالتی تحقیقاتی کمیشن کا قیام اور فاسٹ ٹریک عدالت میں سماعت کا انتظام شامل ہے۔ زوبین گرگ کی لاش کا دوسرا پوسٹ مارٹم بھی ان کے اہل خانہ اور مداحوں کی درخواست پر کیا گیا۔ جانچ سے متعلق ضروری رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد، ایس آئی ٹی ٹیم آج سنگاپور کے لیے روانہ ہوئی۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کے انصاف کے عزم کے تحت زوبین گرگ کی موت کے معاملے میں کوئی بھی مجرم قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکے گا۔
بی جے پی نے کہا کہ زوبین گرگ صرف ایک فرد نہیں بلکہ آسام کی میراث ہیں۔ ان کی موت پر سیاست کرنا اخلاقی طور پر غلط ہے۔ ترجمان نے الزام لگایا کہ تحقیقات میں تعاون کرنے کے بجائے اپوزیشن جماعتیں غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہی ہیں اور سیاسی فائدے کے لیے زوبین کے مداحوں کے جذبات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بی جے پی نے اس ذہنیت کی سخت مذمت کی اور تمام باشعور شہریوں سے سچائی، انصاف اور زوبین گرگ کی لافانی میراث کی حفاظت کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی