ہانگ کانگ، 20 اکتوبر (ہ س)۔ دبئی سے آنے والا ایک کارگو طیارہ پیر کی صبح ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ خوش قسمتی سے عملے کے چاروں ارکان کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ ایئرپورٹ حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عملے کے ارکان کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔
ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ اخبار کے مطابق طیارہ (ای کے 9788) دبئی کی سرکاری ایئرلائن ایمریٹس کا ہے۔ کارگو فلائٹ 3:50 بجے کے قریب لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر ایک گراونڈ سروس گاڑی سے ٹکرا تے ہوئے سمندر میں الٹ گئی۔ حادثہ شمالی رن وے پر پیش آیا جسے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تقریباً 3 بج کر 50 منٹ پر دبئی سے آنے والی ایمریٹس کی پرواز ای کے 9788 لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل گئی۔ پولیس نے بتایا کہ شبہ ہے کہ طیارہ گراونڈ سروس گاڑی سے ٹکرا گیا۔ پولیس کے مطابق طیارہ گراونڈ وہیکل کو کچلتے ہوئے پنے ساتھ گھسیٹتا ہوا سمندر میں جا گرا۔ گراونڈ گاڑی میں سوار دو افراد کو سمندر سے نکالا گیا۔ ان میں سے ایک کی موت صبح 5:55 پر، جب کہ دوسرے کی موت صبح 6:26 بجے نارتھ لانٹا اسپتال میں ہوئی، دونوں کی عمریں 30 اور 41 سال بتائی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ہانگ کانگ ایئرپورٹ اتھارٹی صبح 10 بجے ایک پریس کانفرنس میں حادثے کا باضابطہ اعلان کرے گی، دریں اثنا ایئرپورٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک 12 کارگو پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ ان میں تل ابیب سے آنے والی چیلنج ایئر لائن کی پرواز 5سی 852، صبح 7 بجے لینڈ کرنے والی، اٹلس ایئر کی پرواز 5وائی 8902 اینکریج اور لاس اینجلس سے اور دوحہ سے ایئر برج کارگو ایئر لائن کی پرواز آر یو 8409 شامل ہیں۔
حادثے کا مسافروں کی پروازوں پر کوئی اثر نظر نہیں آتا۔ سنٹرل رن وے اور سدرن رن وے کام کر رہے ہیں۔ محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا کہ وہ اس واقعہ پر گہری تشویش کا شکار ہے۔ ایئر لائن ایمریٹس سمیت مختلف فریقین سے رابطہ کیا گیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے زمینی عملے کے دو ارکان کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ فلائٹ سیفٹی سب سے اہم ہے اور ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی حادثے کی وجہ کی مکمل تحقیقات کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد