اسٹاک مارکیٹ نے گزشتہ چار مہینوں میں اپنا سب سے بڑا ہفتہ وار فائدہ اٹھایا۔
نئی دہلی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ جمعہ 17 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں ملکی اسٹاک مارکیٹ مسلسل تیسرے ہفتے مضبوطی کے ساتھ کاروبار کے بعد بند ہوئی۔ اس ہفتے، بی ایس ای سینسیکس 1,451.37 پوائنٹس یا 1.75 فیصد کے ہفتہ وار اضافے کے ساتھ 83,952.19 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح نفٹی نے ہفتہ وار بنیادوں پر 424.50 پوائنٹس یا 1.67 فیصد چھلانگ لگائی اور گزشتہ ہفتے کی تجارت 25,709.85 پوائنٹس کی سطح پر ختم ہوئی۔
اسٹاک مارکیٹ کی مضبوطی کی اہم وجوہات میں گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل خریداری، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بطور خریدار مارکیٹ میں واپسی، خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں ایک اور کمی کا اشارہ سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گھریلو اسٹاک مارکیٹ گزشتہ چار ماہ میں اپنا سب سے بڑا ہفتہ وار فائدہ درج کرنے میں کامیاب رہی۔ یہ صورتحال اس وقت بھی پیش آئی جب امریکہ میں جاری شٹ ڈاؤن عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ اسی طرح امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی نے پوری دنیا میں خوف کی فضا پیدا کر دی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار محتاط طریقے سے تجارت کر رہے ہیں۔
بی ایس ای لارج کیپ انڈیکس جمعہ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ مہندرا اینڈ مہندرا، اڈانی پاور، نیسلے انڈیا، آئی سی آئی سی آئی لومبارڈ جنرل انشورنس کمپنی، واری انرجی اور ایشین پینٹس کے حصص، اس انڈیکس میں سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ دوسری جانب ووڈافون آئیڈیا، انفوسس، وپرو، سیمنز انرجی انڈیا، انڈس ٹاورز، پولی کیب انڈیا، انڈین اوورسیز بینک اور پنجاب نیشنل بینک کے حصص سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والوں کی فہرست میں شامل تھے۔
گزشتہ ہفتے کی ٹریڈنگ کے دوران، بی ایس ای مڈ کیپ انڈیکس کو ہفتہ وار بنیادوں پر فلیٹ ٹریڈنگ کرتے دیکھا گیا۔ اولا الیکٹرک موبلٹی،وائرل پول آف انڈیا،گودریج پراپرٹیز،مہندرا اینڈ مہندرا فنانشیل سروسیز،پرسٹینٹ سسٹم،سونا بی ایل ڈبلیو،پریسیجن فورجنگس،اوبرائے ریئیلیٹی کے حصص اس انڈیکس میں سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ دوسری طرف پی بی فنٹیک،ایمکیورفارماسیوٹیکلس،بندھن بینک،یس بینک،اوریکل فناشیل سروسیز سافٹویئر،ڈکسن ٹیکنالویجیز،گلین مارک فاسیوٹیکلس، گوڈیجیٹ جنرل انشورنس اورٹاٹا ٹیکنالوجیز کے حصص سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والوں کی فہرست میں شامل تھے۔
بی ایس ای اسمال کیپ انڈیکس گزشتہ ہفتے کے کاروبار میں 0.60 فیصد کی ہفتہ وار کمی کے ساتھ بند ہوا۔ لوٹس چاکلیٹ کمپنی، میجیلینک کلاؤڈز، وی ایل ای گورننس اینڈ آئی ٹی سلوشنز، دھانساری وینچرز، اور وال چند نگر انڈسٹریز کے حصص میں ہفتہ وار بنیادوں پر 15 سے 25 فیصد کے درمیان کمی واقع ہوئی۔ دوسری طرف،اسٹیلین انڈیا فلورو کیملکلس،جی ایم بریوریز،شیئرانڈیاسیکوریٹیز،تتو چنتن فارما کیمیکلس اور ایم تی اے آر ٹیکنالوجیز کے حصص ہفتہ وار 21 سے 41 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔
سیکٹرل فرنٹ پر، نفٹی کا ریئلٹی انڈیکس گزشتہ ہفتے کی ٹریڈنگ میں ہفتہ وار بنیادوں پر 4 فیصد بڑھنے میں کامیاب رہا۔ اسی طرح پورے ہفتے کے کاروبار کے دوران کیپٹل مارکیٹ انڈیکس میں بھی 4 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ نفٹی کا ایف ایم سی جی انڈیکس 3 فیصد کے ہفتہ وار اضافے کے ساتھ اور نفٹی کا آٹوموبائل انڈیکس 2 فیصد کے ہفتہ وار اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ دوسری طرف، نفٹی کا میڈیا انڈیکس پورے ہفتے کے کاروبار کے بعد 2.7 فیصد کی سب سے زیادہ گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ جبکہ گزشتہ ہفتے کے کاروبار میں آئی ٹی انڈیکس میں 1.8 فیصد کی کمی ہوئی۔ اسی طرح میٹل اور پی ایس یو بینک انڈیکس ہفتہ وار بنیادوں پر 0.5 فیصد کی کمزوری کے ساتھ بند ہوا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی