نئی دہلی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات اور آٹھ اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات سے قبل مرکزی مبصرین کو تعینات کیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ مبصرین انتخابی عمل کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں تاکہ تمام جماعتوں اور امیدواروں کے لیے برابری کا میدان یقینی بنایا جا سکے۔
کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے کے لیے 121 جنرل مبصر اور 18 پولیس مبصر تعینات کیے گئے ہیں جب کہ دوسرے مرحلے کے لیے 122 جنرل مبصر اور 20 پولیس مبصر تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ آٹھ اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے آٹھ جنرل مبصر اور آٹھ پولیس مبصر بھیجے گئے ہیں۔ تمام مبصرین نے اپنے تفویض کردہ علاقوں کا پہلا دورہ مکمل کر لیا ہے اور اب وہ وہاں تعینات ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انہیں انتخابی عمل کی کڑی نگرانی کرنے اور شفاف، آزادانہ اور منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مبصرین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز تک رسائی حاصل کریں اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ کمیشن نے مبصرین کو پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرنے اور حال ہی میں شروع کیے گئے ووٹر کی سہولت کے اقدامات کی تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی