ناسک
، 19 اکتوبر(ہ س)۔ مہاراشٹر کے ناسک روڈ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک
ہفتہ کی رات کرما بھومی ایکسپریس سے گرنے کے باعث دو نوجوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا،
جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں
نوجوان بہار جانے کے لیے سفر کر رہے تھے۔
یہ
حادثہ رات 8:45 بجے کے قریب پیش آیا، جب ممبئی کے لوک مانیہ تلک ٹرمینس سے بہار کے
رکسول جانے والی ٹرین نمبر 12546 کرما بھومی ایکسپریس ناسک روڈ اسٹیشن سے روانہ
ہوئی۔ روانگی کے کچھ دیر بعد اودھا ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن منیجر پرکاش نے ناسک ریلوے
حکام کو اطلاع دی کہ جیل روڈ ہنومان مندر کے قریب ڈھکلے نگر علاقے میں تین افراد
ٹرین سے گر گئے ہیں۔
خبر
ملتے ہی ناسک روڈ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر جتیندر ساپکلے کی قیادت میں سب
انسپکٹر مالی اور پولیس کانسٹیبل بھولے موقع پر پہنچے۔ پولیس نے بھساول جانے والے
ٹریک کے 190/1 اور 190/3 کلومیٹر کے درمیان دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد کیں جبکہ ایک
شخص شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ زخمی کو ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر ضلع
اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک ہے۔
حادثے میں
ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں تاہم
تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، ٹرینوں میں دیپوتسو کے
موقع پر زبردست بھیڑ کے باعث مسافر دروازوں کے قریب کھڑے تھے، اسی دوران توازن
بگڑنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس
کو شبہ ہے کہ یہ نوجوان یا تو دیوالی منانے کے لیے یا بہار اسمبلی انتخابات میں
ووٹ ڈالنے کے مقصد سے اپنے گاؤں جا رہے تھے۔ ناسک روڈ پولیس نے اس معاملے کو
حادثاتی موت کے طور پر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے