کلبرگی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ کرناٹک کے کلبرگی ضلع کے چتپور میں آر ایس ایس کے مجوزہ مارچ کو لے کر پیدا ہونے والا تنازعہ آج عدالت میں پہنچ گیا ہے۔ درخواست گزار اشوک پاٹل نے آر ایس ایس کی جانب سے کلبرگی ہائی کورٹ میں ایک فوری عرضی داخل کی ہے جب کہ تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے اجازت دینے سے انکار کیا گیا ہے۔
عرضی گزار کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر وکیل ایم ارون شیام نے کہا کہ اگرچہ درخواست 17 اکتوبر کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے دائر کی گئی تھی، لیکن اسے 18 اکتوبر کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ بنچ نے مارچ کی اجازت دینے والے اتھارٹی اور قانونی طریقہ کار پر وضاحت طلب کی۔
ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل کے ششی کرن شیٹی نے عدالت کو بتایا کہ تعلقہ انتظامیہ نے کسی تنظیم کو اجازت نہیں دی ہے، کیونکہ اسی دن ایک اور تنظیم نے بھی مارچ کے لیے درخواست دی تھی۔
آر ایس ایس کے وکیل ارون شیام نے ریاست بھر میں 250 مقامات پر پرامن مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے 2 نومبر کو مارچ کے انعقاد کی اجازت مانگی۔
عدالت نے ضلع کلکٹر کو ہدایت کی کہ وہ مکمل تفصیلات کے ساتھ ایک نئی درخواست جمع کرائیں، بشمول جلوس کا راستہ، تاریخ، اور شرکاء کی تعداد، اور ایک کاپی تحصیلدار اور مقامی پولیس کو فراہم کریں۔ بنچ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے کے بعد سماعت جاری رہے گی اور سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی