نندربار
، 18 اکتوبر(ہ س)مہاراشٹر
کے ضلع نندربار میں ہفتہ کی صبح اشتم پروت یاترا کے دوران ایک المناک حادثہ پیش آیا۔
عقیدت مندوں کو لے جانے والی ایک کارگو گاڑی چندرشالی گھاٹ پر الٹ گئی، جس کے نتیجے
میں آٹھ افراد موقع پر ہی ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور
پر تلودہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا گیا ہے۔
واقعے کی
اطلاع ملتے ہی نندربار پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں
اور بچاؤ کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس کے مطابق دھنتیرس کے موقع پر زائرین کی ایک
نجی گاڑی اشتم پروت یاترا کے لیے روانہ تھی، جب چندرشالی گھاٹ کے قریب ڈرائیور نے
گاڑی پر قابو کھو دیا، جس کے باعث گاڑی الٹ گئی۔ اس گاڑی میں تقریباً چالیس یاتری
سوار تھے اور کئی افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔
شدید
زخمیوں کو نندربار ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ معمولی زخمیوں کا علاج تلودہ اسپتال
میں جاری ہے۔ مرنے والے اور زخمیوں میں زیادہ تر افراد شہادہ تعلقہ کے بھراٹی اور
ویجالی گاؤں کے باشندے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کی نازک حالت کے باعث
ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
یہ یاترا
ہر سال دھنتریودشی کے موقع پر منعقد ہوتی ہے، جس میں مدھیہ پردیش، گجرات اور
مہاراشٹر سے ہزاروں عقیدت مند نندربار کے ست پورہ سلسلے میں واقع اشتمبا رشی کے
مقام تک پیدل یا گاڑیوں کے ذریعے پہنچتے ہیں۔ عقیدت مند تقریباً 4,300 فٹ بلند چوٹی
پر جا کر پتھر کے اس مقام کی پوجا کرتے ہیں اور وہاں جھنڈا نصب کرتے ہیں۔ واپسی کے
دوران یاتری جنگلوں سے گزرتے ہیں اور جانوروں کو دور رکھنے کے لیے مشعلیں اور آگ
کے شعلے ساتھ لے جاتے ہیں۔ اس سال کی یاترا کے دوران پیش آیا یہ حادثہ پورے علاقے
میں غم و سوگ کی فضا پیدا کر گیا۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے