نئی دہلی، 18 اکتوبر (ہ س)۔
ملازمین کو بہار اسمبلی انتخابات اور کئی ریاستوں میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے دن تنخواہ کے ساتھ چھٹی دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے یہ حکم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیا ہے کہ ہر ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 135بی کے تحت کسی بھی نجی، تجارتی، صنعتی، یا دیگر اسٹیبلشمنٹ میں کام کرنے والے ہر فرد کو جو ووٹ ڈالنے کا اہل ہے اسے انتخابات کے دن تنخواہ کے ساتھ چھٹی دی جانی چاہیے۔ اس دن اجرت سے کوئی کٹوتی نہیں کی جا سکتی۔ اس اصول کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی آجر کو جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔
کمیشن نے کہا کہ جو لوگ اپنے علاقے سے باہر کام کرتے ہیں لیکن وہ اس اسمبلی حلقے کے لیے ووٹر لسٹ میں ہیں جہاں انتخابات ہو رہے ہیں انہیں پولنگ کے دن تنخواہ کی چھٹی بھی ملے گی تاکہ وہ اپنا ووٹ ڈال سکیں۔ یہ سہولت عارضی اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی دی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بہار میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ 6 نومبر (جمعرات) کو ہوگی، جب کہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ اور متعلقہ ریاستوں میں ضمنی انتخابات 11 نومبر (منگل) کو ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ