نئی دہلی، 17 اکتوبر (ہ س)۔ سری لنکا کی وزیر اعظم ڈاکٹر ہرینی امرسوریا نے جمعہ کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ہرینی امرسوریا کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کا دورہ ہندوستان اور سری لنکا کے تاریخی اور کثیر جہتی تعلقات کو نئی رفتار دے گا۔
وزیر اعظم نے اس سال اپریل میں سری لنکا کے اپنے سرکاری دورے کو یاد کیا، جس کے دوران انہوں نے صدر انورا کمارا دسانائیکے کے ساتھ تعاون کے تمام شعبوں پر نتیجہ خیز بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے تعلیم، ٹیکنالوجی، اختراعات، ترقیاتی تعاون اور ہمارے ماہی گیروں کی فلاح و بہبود سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان خصوصی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے مشترکہ ترقی کے سفر میں مل کر کام کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرا عظم مودی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ، مجھے سری لنکا کی وزیر اعظم محترمہ ہرینی امرسوریا کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ ان کے ساتھ بات چیت میں تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے، اختراع، ترقیاتی تعاون، اور ہمارے ماہی گیروں کی فلاح و بہبود سمیت بہت سے شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔ قریبی پڑوسیوں کے طور پر، ہمارا تعاون ہمارے خطے کے دو خوشحال اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے لوگوں کے لیے اہم ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد