گوہاٹی، 17 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستانی گلوکار زوبین گرگ کی موت کے بارے میں افواہوں اور قیاس آرائیوں کے درمیان، سنگاپور پولیس (ایس پی ایف) نے واضح کیا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں کسی بھی طرح کی سازش یا مجرمانہ سرگرمی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ پولیس نے کہا کہ کیس کی تحقیقات کورونرز ایکٹ 2010 کے تحت کی جا رہی ہے اور یہ عمل مکمل طور پر پیشہ ورانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں کوئی مشکوک صورت حال نہیں ملی ہے، حالانکہ تقریباً تین ماہ میں حتمی نتیجے پر پہنچنے کی امید ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد، مکمل رپورٹ ریاستی کورونر کو جمع کرائی جائے گی، جو اس بات کا تعین کرے گا کہ آیا اس کیس کو باضابطہ کورونر کی تفتیش کی ضرورت ہے-جو ایک عدالتی عمل ہوتا ہے اور اس سے موت کی وجہ اور حالات کا تعین ہوتا ہے۔
ایس پی ایف نے یہ بھی بتایا کہ یکم اکتوبر کو ہندوستان کے ہائی کمیشن کی درخواست پر پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ابتدائی نتائج کا اشتراک کیا گیا ہے۔پولیس نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور تفتیشی ایجنسیوں کو اپنا کام غیر جانبداری سے کرنے دیں۔
پولیس نے کہا، ”ہم تمام متعلقہ فریقوں سے صبر اور سمجھ بوجھ کی درخواست کرتے ہیں۔“ پولیس کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تفتیش مکمل شفافیت، دیانتداری اور معروضیت کے ساتھ جاری رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ زوبین گرگ کا 19 ستمبر کو سنگاپور میں انتقال ہو گیا تھا۔ ریاست بھر میں گہرے غم کا ماحول ہے۔ اس معاملے میں اب تک پانچ لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان کا 14 روزہ سی آئی ڈی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت نے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد