بھوپال، 17 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے ٹی ٹی نگر واقع ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول نے ایجوکیشن ورلڈ ادارے کی جانب سے جاری سرکاری اسکولوں کی رینکنگ میں 26-2025 میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
ماڈل اسکول کو یہ اعزاز اسٹوڈیو کلاس، انفراسٹرکچر، سائیکالوجی اور دیگر خصوصیات کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں جمعرات کی رات منعقدہ تقریب میں مرکزی حکومت کے مالی مشیر ونئے پرتاپ سنگھ نے ماڈل اسکول کی پرنسپل ریکھا شرما کو ایوارڈ پیش کیا۔
پبلک ریلیشنز آفیسر مکیش مودی نے جمعہ کے روز بتایا کہ ایجوکیشن ورلڈ اساتذہ اور والدین کے لیے ایک پورٹل ہے، جو ہر سال عالمی معیار کے اسکولوں کی رینکنگ جاری کرتا ہے۔ اس رینکنگ میں ماڈل اسکول کو گزشتہ امتحانی نتائج، ثقافتی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر)، اساتذہ کی دستیابی اور ان کی کارکردگی، ذہنی و جذباتی فلاح و بہبود کی خدمات، کھیل، علمی سرگرمیوں اور دیگر بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔ ان تمام شعبوں میں پورے ہندوستان سے اسکولوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور مقررہ معیار کے مطابق انہیں نمبر دیے جاتے ہیں۔ اسکول میں دستیاب سہولتوں کی بنیاد پر مارکنگ کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر انتظام ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول ٹی ٹی نگر نے مسلسل تین برس تک سرکاری شعبے کے تعلیمی اداروں کے زمرے میں اپنا مقام قائم رکھا ہے۔ یہ اسکول صوبے کا واحد ادارہ بن گیا ہے جس نے تعلیم کے معیار کی بنیاد پر اپنی پہچان بنائی ہے۔ سرکاری شعبے کا یہ اسکول ہیٹ ٹرک بنانے والا مدھیہ پردیش کا پہلا اسکول ہے۔
ماڈل اسکول کی پرنسپل ریکھا شرما نے بتایا کہ اسکول میں اسٹوڈیو کلاس کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے دیگر اسکول ورچوئلی جڑ کر ماڈل اسکول میں ہونے والے لیکچرز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اسکول میں قائم کی گئی نفسیاتی تجربہ گاہ (سائیکالوجی لیب) میں بچوں کا وقتاً فوقتاً ٹیسٹ کیا جاتا ہے، تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ پڑھائی کے بوجھ کی وجہ سے بچہ کسی قسم کے دباو یا ذہنی تناو میں تو نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اعزاز تمام سرکاری اسکولوں کے لیے فخر کی بات ہے۔ اس کامیابی کو حاصل کرنے میں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے افسران اور اسکول کے تمام عملے کا نمایاں کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل اسکول میں پڑھنے والے بچوں کی بھلائی کے لیے مزید نئے اقدامات اور اختراعات جاری رہیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن