نئی دہلی، 17 اکتوبر (ہ س)۔ مصرکے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدرعبدالعاطی، جو ہندوستان-مصر اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے دہلی میں ہیں، نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ، 7 لوک کلیان مارگ پر ملاقات کی۔ وزیر اعظم مودی نے غزہ امن معاہدے میں مصر کے اہم کردار کے لیے صدر عبدالفتاح السیسی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ خطے میں دیرپا امن کا باعث بنے گا۔
مصر کے وزیر خارجہ عبدالعاطی نے وزیر اعظم کو اپنے دورے کے دوران ہونے والے پہلے ہندوستان-مصر اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی، دفاع اور عوام سے عوام کے تعلقات سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر عبدالعاطی کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا، مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مجھے خوشی ہوئی۔ میں نے غزہ امن معاہدے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے اپنے دوست صدر سیسی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ہندوستان-مصر اسٹریٹجک شراکت داری ہمارے مشترکہ خطہ، ہمارے لوگوں اور انسانی مفاد کے لیے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد