سرینگر، 15 اکتوبر (ہ س)۔ سرینگر پولیس نے بدھ کو کہا کہ 14 اکتوبر (منگل) کو قمر واری کے ہارون بیکری کے قریب 18 سالہ لڑکے پر کلہاڑی سے حملے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں شہر بھر میں رات گئے چھاپوں کے دوران کی گئی، اور حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ قمر واری میں ایک پرتشدد حملے کے فوری اور موثر جواب میں، سری نگر پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے چھاپوں کی ایک سیریز کے دوران اس معاملے میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے، واقعہ 14 اکتوبر 2025 کو ہلال آباد، قمر واری میں ہارون بیکری کے قریب پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نعمان یعقوب کھانڈے پر نامعلوم حملہ آوروں نے کلہاڑی سے حملہ کیا۔ مقتول کے والد محمد یعقوب کھانڈے جو کہ بلال کالونی قمرواری کے رہائشی ہیں، نے فوری طور پر پولیس چوکی قمرواری میں معاملے کی اطلاع دی۔ شکایت موصول ہونے پر، بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے متعلقہ سیکشنز - سیکشن 126(2)، 115(2) اور 109 - کے تحت ایف آئی آر نمبر 100/2025 - پولیس اسٹیشن پریمپورہ میں درج کیا گیا تھا۔
فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جس میں مشتبہ علاقوں کو گھیرے میں لینا، سی سی ٹی وی فوٹیج اکٹھا کرنا، اور واقعے سے منسلک گاڑیوں کی تفصیلات کی تصدیق کرنا شامل تھا۔تحقیقات کے نتیجے میں درج ذیل ملزمان کی شناخت اور بعد ازاں گرفتاری عمل میں آئی جن میں ساحل یعقوب ولد محمد یعقوب گرستو فرحان اور بلال احمد گورو ولد ظہور احمد گورو ساکنہ بوٹ مین کالونی، بمنہ شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں کو رات گئے چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، اور جرم کا ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ ذاتی رنجش کی وجہ سے ہوا، حالانکہ دیگر ممکنہ زاویوں کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ سری نگر پولیس عوامی امن و امان کو خطرے میں ڈالنے والے تمام سماجی جرائم کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور شہر کو محفوظ بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir