مدھیہ پردیش کے جنوبی حصے میں تین دن بارش کا الرٹ، نرمدا پورم-جبل پور ڈویژن میں نظر آئے گا اثر
۔ راج گڑھ میں رات کا سب سے کم درجہ حرارت 14.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ
بھوپال، 15 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش سے مانسون روانہ ہوچکا ہے، لیکن جنوبی علاقوں میں ہلکی بارش اگلے ہفتے تک جاری رہے گی۔ تین روز تک گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔ اس کا اثر اندور، نرمداپورم اور جبل پور ڈویژن کے 10 اضلاع میں دیکھا جائے گا۔ اس دوران بھوپال، اجین، گوالیار سمیت ریاست کے باقی حصوں میں تیز دھوپ کھلے گی۔ مانسون کے جانے کے ساتھ ہی ریاست میں راتیں سرد ہو گئی ہیں۔ کئی شہروں میں رات کا درجہ حرارت 20 سے نیچے گر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی اضلاع میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آج بدھ کو بوندا باندی کا امکان ہے۔ 15، 16 اور 17 اکتوبر کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گزشتہ منگل کو موسم صاف تھا، لیکن بدھ کو گرج چمک اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ اس دوران ریاست میں راتیں سرد ہو گئی ہیں۔ یہ ہوا کی سمت میں تبدیلی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ دراصل جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے پہاڑوں میں برف باری ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے مدھیہ پردیش میں شمالی ہوائیں چل رہی ہیں اور سردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پیر-منگل کی رات ریاست کے بیشتر شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس سے نیچے چلا گیا۔ بھوپال میں 16 ڈگری، اندور میں 17.2 ڈگری، گوالیار میں 18.2 ڈگری، اجین میں 18.8 ڈگری اور جبل پور میں 19.6 ڈگری سیلسیس تھا۔ اسی طرح کھنڈوا میں 15 ڈگری، راج گڑھ میں 14.4 ڈگری، شیو پوری میں 16 ڈگری، نوگاوں میں 15.1 ڈگری، ریوا میں 17.5 ڈگری، ٹیکم گڑھ میں 17.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن