جموں, 15 اکتوبر (ہ س)۔
پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن ڈوڈہ نے محکمہ تعلیم کی جانب سے جماعت اوّل تا نویں کے امتحانات کی تاریخوں کے اعلان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈیٹ شیٹ پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر اوم پرکاش چنڈیل نے ایک بیان میں کہا کہ ونٹر زون کے تحت آنے والے اسکولوں میں اکتوبر–نومبر کے دوران امتحانات کا انعقاد معمول کے مطابق ہوتا ہے، تاہم رواں برس اکتوبر میں ہی امتحانات مکمل کرنے کے فیصلے نے طلبہ، والدین اور اساتذہ تینوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
چنڈیل نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور دیگر غیر معمولی حالات کے باعث اسکول کئی ہفتوں تک بند رہے، جس کے نتیجے میں نصاب مکمل نہیں ہو سکا۔ ایسے میں محکمہ تعلیم کو چاہیے تھا کہ وہ امتحانی شیڈول جاری کرنے سے قبل متعلقہ فریقین، بشمول اساتذہ اور اسکول انتظامیہ، سے مشاورت کرتا تو ایسے غلط فیصلے صادر نہیں ہوتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیوالی جیسے بڑے تہوار کے دوران امتحانات کا انعقاد نہ صرف غیر مناسب ہے بلکہ بچوں کے ذہنی دباؤ میں اضافے کا سبب بھی بنے گا۔ والدین اور اساتذہ کی جانب سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ڈیٹ شیٹ کو مؤخر کر کے نئی تاریخیں جاری کی جائیں تاکہ طلبہ اطمینان کے ساتھ اپنی تیاری مکمل کر سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر