نئی دہلی، 15 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر نریندر مودی نے بدھ کو بہار کے بی جے پی بوتھ ورکرس کے ساتھ نمو ایپ کے ذریعے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ریاست میں پچھلے ’جنگل راج‘ کی خوفناک صورتحال کی یاد دلائی اور کہا کہ نوجوانوں کو اس تاریک دور کے بارے میں بتانا ضروری ہے جس سے بہار ابھر کر آج ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے بوتھ پر جائیں اور ہر خاندان کو مرکزی اسکیموں کے فوائد سے آگاہ کریں اور دستیاب ویڈیوز اور اعدادوشمار کو شیئر کریں۔ مودی نے کہا کہ جب ہر بوتھ مضبوط ہوگا تب ہی گڈ گورننس کی حکومت دوبارہ بنے گی۔
وزیر اعظم مودی نے بدھ کے روز’میرا بوتھ، سب سے مضبوط‘ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر بہار میں بی جے پی کارکنوں کے ساتھ نمو ایپ کے ذریعے بات چیت کی۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جا کر بتائیں کہ کس طرح مرکزی حکومت کی اسکیموں نے عام لوگوں کی زندگی کو آسان بنا دیا ہے۔ انہوں نے انہیں یہ بھی یاد دلایا کہ کس طرح بہار نے جنگل راج اور نکسل ازم کے خوف پر قابو پالیا ہے اور انہیں اس نظام کو واپس نہیں آنے دینا چاہئے۔
وزیر اعظم نے کہا’آج بہار کے ہر گھر سے ایک ہی آواز سنائی دے رہی ہے - ’متحدہ این ڈی اے، متحدہ بہار، اچھی حکمرانی کی حکومت دوبارہ بنے گی۔‘ یہ بہار کے عوام کے ووٹ کی طاقت ہے جس نے ریاست کو آر جے ڈی اور کانگریس کی بری نظروں سے بچایا ہے، اور یہ دوبارہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج بہار میں ایک بہتر ماحول بنایا گیا ہے اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ نوجوانوں کو مل رہا ہے۔ مودی نے کہا کہ 18 سے 25 سال کی عمر کے نوجوانوں نے وہ وقت نہیں دیکھا جب لوگ شام 7 بجے کے بعد گھروں سے نکلنے سے ڈرتے تھے، ریل کی پٹریوں کو دھماکے سے اڑا دیا جاتا تھا اور حاملہ خواتین کو اسپتال لے جانا بھی مشکل تھا۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو 'جنگل راج' کے اس دور کی حقیقت سے آگاہ کریں تاکہ وہ آج کی گڈ گورننس کی قدر کو سمجھ سکیں۔
گیا کے بی جے پی کارکن اوم پرکاش کمار کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے خاص طور پر بہار میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بہار میں اتنا پرامن ماحول ہے کہ دہلی سے انتخابی کوریج کے لیے جانے والے صحافی بھی رات کو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے رپورٹنگ کر سکتے ہیں، یہ ایک ایسا کارنامہ ہے جس کا پہلے تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔مودی نے کہا کہ بی جے پی کی کامیابی کی بنیاد بوتھ سطح کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا، ’میرا بوتھ، سب سے مضبوط- یہ صرف ایک پروگرام نہیں ہے بلکہ ہماری نچلی سطح پر کامیابی کی سب سے مضبوط کڑی ہے۔ جس طرح ایک قطرہ برتن کو بھرتا ہے، اسی طرح پارٹی تب ہی فتح یاب ہوتی ہے جب ہر بوتھ مضبوط ہو۔‘
وزیر اعظم نے بی جے پی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت کی اسکیموں کے فوائد کو عام کریں۔ انہوں نے کہا، ’اپنے فون پر ڈیٹا رکھیں، ہر خاندان کو بتائیں کہ کس طرح جن دھن یوجنا، اجولا یوجنا، آیوشمان بھارت، پردھان منتری آواس یوجنا اور جی ایس ٹی اصلاحات نے لوگوں کی زندگیوں کو تبدیل کیا ہے۔‘مودی نے خواتین ووٹروں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہار کی بہنیں اور بیٹیاں جمہوریت کی حقیقی طاقت ہیں۔ انہوں نے 23 اکتوبر کو بھائی دوج کے موقع پر ہر پولنگ بوتھ پر خواتین کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ ’بہنوں اور ماو¿ں کو جمہوریت کا تہوار منانے کے لیے گروپوں میں ووٹ ڈالنے جانا چاہیے — گانا گائیں، پلیٹیں بجائیں اور جمہوریت کا جشن منائیں۔
وزیر اعظم نے حال ہی میں بہار کی این ڈی اے حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مہیلا روزگار یوجنا کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس کے ذریعے بہار کی 1 کروڑ 20 لاکھ بہنوں کو 10،000 روپے کی امداد دی گئی ہے۔پورنیا کی ایک بی جے پی کارکن میگھا دیوی سے بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے انہیں جیویکا اسکیم اور دیگر سرکاری اقدامات کے بارے میں بیداری پھیلانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر خواتین کو جی ایس ٹی 2.0 کے فوائد سے آگاہ کیا جانا چاہئے تاکہ وہ جان سکیں کہ حکومت نے ان کی ضروری اشیاءکو سستا کرنے کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں۔نکسل ازم کے موضوع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بہار میں حالات پوری طرح بدل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ریاست کو تشدد اور انارکی میں ڈوبنے والے دوبارہ اقتدار میں نہ آئیں۔ آج ہم نکسل ازم کو جڑوں سے ختم کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan