جنیوا، 15 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یواین ایچ آر سی) کے 2026-28 کی مدت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ہندوستان کی ساتویں میعاد ہوگی۔ یو این ایچ آر سی نے انتخابی نتائج کا اعلان منگل کو ایکس پر اشتراک کرکے کیا۔ ہندوستان کی تین سالہ میعاد اگلے سال یکم جنوری سے شروع ہوگی۔
یو این ایچ آر سی کی ایکس پوسٹ کے مطابق، جنرل اسمبلی نے 2026-2028 کی مدت کے لیے انسانی حقوق کونسل کے 14 ارکان کا انتخاب کیا۔ یہ ارکان انگولا، چلی، ایکواڈور، مصر، ایسٹونیا، ہندوستان، عراق، اٹلی، ماریشس، پاکستان، سلووینیا، جنوبی افریقہ، برطانیہ اور ویتنام ہیں۔
جنرل اسمبلی کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے پی ہریش نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ یہ انتخاب انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تئیں ہندوستان کی غیر متزلزل وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہریش نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ہندوستان اپنی مدت کے دوران ان اہداف کو آگے بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ انہوں نے تعاون پر تمام وفود کا شکریہ ادا کیا۔
47 رکنی انسانی حقوق کونسل اقوام متحدہ کا ایک اہم ادارہ ہے۔ یہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کام کرتا ہے۔ ہندوستان پہلی بار 2006 میں کونسل کے لیے منتخب ہوا جب جنرل اسمبلی نے اسے قائم کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد