سڑک تحفظ تدابیر اور ڈی ڈی ایچ آئی پر ایک روزہ ریاست سطحی ورکشاپ کا انعقاد
وزیر اعلیٰ نے جدید ایپلی کیشن ایپ ’سنجے‘ کا آغاز کیا
بھوپال، 15 اکتوبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ زندگی قیمتی ہے۔ جلدبازی میں یا لاپرواہی سے روڈ سیفٹی رولز کو نظر انداز کرنا کسی بھی صورت میں مناسب نہیں ہے۔ اس دنیا میں زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں، اس لیے چاہے جتنی بھی جلدی ہو، سڑک پر چلتے وقت حفاظتی اصولوں پر عمل کرنا ہر شہری کا بنیادی فرض ہے۔
انہوں نے ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ دو پہیہ گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ پہنیں اور فور وہیلر چلاتے وقت ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سدھریں گے تو دنیا سدھرے گی۔ روڈ سیفٹی قوانین پر عمل کرنا نہ صرف ایک ضرورت ہے بلکہ ایک باشعور شہری کی حیثیت سے ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کو بھوپال کے آر سی وی پی نرونہا اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ میں روڈ سیفٹی تداویر پر ایک روزہ ریاست سطحی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ایک اچھے ڈرائیور کی حقیقی مہارت تو اس بات میں ہے کہ سڑک پر اپنی سمجھدار ڈرائیونگ اور ذمہ دارانہ رویے سے دوسروں کو بھی متاثر کریں۔ روڈ سیفٹی کے بارے میں اجتماعی آگاہی ہی حادثات کو کم کر سکتی ہے۔ عوامی آگاہی ایک محفوظ ٹریفک کلچر کو فروغ دے سکتی ہے اور اس کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچہ تشکیل دے سکتی ہے۔ ہماری حکومت روڈ سیفٹی کے لیے وسائل فراہم کرنے میں کبھی دریغ نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے ریموٹ کا بٹن دبا کر سڑک سلامتی کے جدید اقدامات پر مبنی ایڈوانس ایپلیکیشن سنجے کا افتتاح کیا۔ ورکشاپ میں عام تعمیرات محکمہ اور مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے آئی آئی ٹی مدراس اور سیو لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ ڈی ڈی ایچ آئی اور سڑک سلامتی انتظام پر دو الگ مفاہمتی یادداشتیں (ایم او یو) دستخط کر کے باہمی تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے آئی آئی ٹی مدراس کی جانب سے تیار کی گئی ’’سڑک سلامتی تعلیم نظام‘‘ کتاب اور ’’روڈ سیفٹی‘‘ رپورٹ کا اجراء بھی کیا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش ملک کے درمیان میں واقع ہے۔ یہاں سڑکوں اور شاہراہوں کا بڑا نیٹ ورک ہے۔ ملک کے بڑے شہروں تک جانے والے راستے مدھیہ پردیش سے ہو کر گزرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سڑک سلامتی انتظام اور حادثات کو روکنے کے معاملے میں ملک میں پانچویں مقام پر ہیں۔سماج، حکومت، عوامی نمائندوں اور ریاست کے ہر شہری کی فعال شمولیت سے ہم اس میدان میں نمبر ایک ریاست بنیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ورکشاپ میں غور و فکر سے نکلنے والے مشورے سڑک سلامتی کے لیے طویل مدتی وراثت ثابت ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھگوان شری رام کے شہر اورچھا کو آج نئی سوغاتیں مل رہی ہیں۔مدھیہ پردیش ترقی کے معاملے میں ملک کی سرفہرست ریاست بنے گا۔
ورکشاپ کے آغاز میں وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پروگرام کے مقام پر تعمیرات عامہ، ٹرانسپورٹ، ٹریفک (سڑک سلامتی انتظام)، عوامی صحت اور شہری انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سڑک سلامتی سے جڑے جدید اور اعلیٰ درجے کے آلات پر مرکوز نمائش کا بھی مشاہدہ کیا۔ ورکشاپ میں سکریٹری، ٹرانسپورٹ منیش سنگھ، منیجنگ ڈائریکٹر، مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ بھرت یادو، اے ڈی جی ابصار، ویویک شرما، کرشنا سمیت افسران اور بڑی تعداد میں سڑک سلامتی انتظام سے وابستہ تکنیکی افسران موجود تھے۔ ریاست کے تمام اضلاع کے کلکٹرز، پولیس سپرنٹنڈنٹس، ضلع سڑک سلامتی کمیٹی کے اراکین، مقامی عوامی نمائندوں سمیت تقریباً 3000 شرکاء نے ورکشاپ میں ورچوئلی شمولیت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن