ڈھاکہ، 15 اکتوبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے میرپور علاقے میں منگل کو کپڑے کی فیکٹری اور کیمیکل گودام میں آگ لگنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
فائر سروس کے ڈائریکٹر تاج الاسلام چودھری نے آج یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ عمارت کی تیسری منزل سے شروع ہوئی اور تیزی سے ٹیکسٹائل فیکٹری سے ملحقہ کیمیکل گودام تک پھیل گئی۔ گودام میں بلیچنگ پاؤڈر، پلاسٹک اور ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ جیسے خطرناک کیمیکل موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری اور تیسری منزل سے سولہ لاشیں نکالی گئی ہیں۔ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اور فوج فیکٹری مالکان کی گرفتاری کے لیے کام کر رہی ہے۔
دریں اثناء عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی آزادانہ تحقیقات اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی