جے این میڈیکل کالج میں عالمی یوم دماغی صحت منایا گیا
علی گڑھ،14 اکتوبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ سائیکیاٹری نے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے اشتراک سے عالمی یومِ دماغی صحت کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر محمد حبیب رضا (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل،
عالمی یوم دماغی صحت


علی گڑھ،14 اکتوبر (ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ سائیکیاٹری نے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے اشتراک سے عالمی یومِ دماغی صحت کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر محمد حبیب رضا (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این میڈیکل کالج)نے اپنے خطاب میں طبی تعلیم میں دماغی صحت سے متعلق آگہی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا اور سائیکیاٹری کلب کے قیام کو ایک بروقت اقدام قرار دیا جو مستقبل کے طبی ماہرین کو بااختیار بنانے میں مددگار ہوگا۔

مہمان اعزازی پروفیسر امجد علی رضوی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے دونوں شعبوں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے طلبہ کی زندگی اور میڈیکل ایجوکیشن میں دماغی صحت کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر فیصل شان کے تعارفی کلمات سے ہوا، جس کے بعد دماغی صحت اور نفسیاتی مضبوطی سمیت مختلف پہلوؤں پر ماہرین نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمد سلمان شاہ (شعبہ کمیونٹی میڈیسن) نے کمیونٹی کی مضبوطی: آفات میں دماغی صحت کی مضبوطی، موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے بحران کے دوران دماغی صحت پر پڑنے والے اثرات، مؤثر تیاری اور عوامی صحت کے ہم آہنگ ردعمل کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

ڈاکٹر جیتندر کمار (شعبہ سائیکیاٹری) نے ہنگامی حالات میں فوری نفسیاتی مدد اور ابتدائی مداخلت کی ضرورت کو واضح کیا۔ اس سے قبل، شعبہ سائیکیاٹری کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ریاض الدین نے مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا اور عالمی یومِ دماغی صحت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بیداری، ہمدردی اور عملی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر شعبہ سائیکیاٹری میں سائیکیاٹری کلب کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اس کلب کا ہدف انڈرگریجویٹ طلبہ میں دماغی صحت سے متعلق بیداری، ہمدردی، اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے تاکہ طبی تربیت کے ابتدائی مرحلے سے ہی دماغی صحت کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ آخر میں پروفیسر عظمیٰ ارم (چیئرپرسن، شعبہ کمیونٹی میڈیسن) نے کلمات تشکر ادا کئے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande