جموں, 14 اکتوبر (ہ س)ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لیے آئے یاتریوں کو اُس وقت دلخراش حادثے کا سامنا کرنا پڑا جب منگل کے روز کٹرا میں ایک تھری وہیلر اور بس کے درمیان ٹکر میں تین افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، حادثہ سیرلی چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا، جب بس کٹرا سے ادھم پور کی جانب جا رہی تھی۔ شدید تصادم کے نتیجے میں آٹو ڈرائیور جیت لال، اور یاتری وچتر کمار ساہو اور جوگیندر ماتری سکنہ اڑیسہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
زخمیوں کی شناخت کویتا ساہو اور سنیہ لتا ماتری کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد جموں کے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حکام کے مطابق، حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے پولیس نے معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ حادثہ ایک بار پھر تیز رفتاری اور سڑکوں پر احتیاط نہ برتنے کے نتائج کی تلخ یاد دلاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر