علی گڑھ, 14 اکتوبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فزیالوجی اور فارماکولوجی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے تین اساتذہ نے جے این ایم سی کیمپس، بیلگاوی، کرناٹک میں منعقد ہ ایسوسی ایشن آف فزیالوجسٹس اینڈ فارماکولوجسٹس آف انڈیا کی 71ویں سالانہ قومی کانفرنس کے ایک سمپوزیم بعنوان ”طبی تعلیم میں مصنوعی ذہانت“ میں خطبات پیش کئے اور طبی تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے کردار اور اس کے ذریعہ انفرادی سیکھنے کے طریقوں کو بہتر کرنے کے سلسلہ میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر انور حسن صدیقی (شعبہ فزیالوجی) نے طب کے طلبہ کے لئے مواد کو ترتیب دینے میں مختلف اے آئی ٹولز کے مؤثر استعمال کی وضاحت کی، جب کہ ڈاکٹر احمد فراز (شعبہ فزیالوجی) نے اے آئی کی مدد سے اسسمنٹ اور فیڈ بیک پر گفتگو کرتے ہوئے اینالیٹکس کے نکات واضح کئے۔
اسی طرح ڈاکٹر سید شارق نعیم (شعبہ فارماکولوجی) نے اے آئی سے اعانت یافتہ تعلیم میں اخلاقی امور پر روشنی ڈالی اور تعلیمی میدان میں اے آئی کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق اخلاقی و قانونی پہلوؤں کا احاطہ کیا۔
کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں ان مقررین کو ان کی علمی کاوشوں اور مؤثر پیشکش کے لئے اعزازات سے نوازا گیا۔
پروفیسر محمد اسلم (چیئرمین، شعبہ فزیالوجی) نے تمام مقررین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی علمی و تدریسی خدمات کو سراہا اور اسے اے ایم یو کے لیے باعث فخر قرار دیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ