علی گڑھ, 14 اکتوبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری نے اپنے اے ایم یو ای-لائبریری پلیٹ فارم کے تعارف کے لیے ایک آن لائن تربیتی پروگرام منعقد کیا۔ یہ جدید ڈیجیٹل لائبریری پلیٹ فارم، یونیورسٹی لائبریری کے کمپیوٹر ایپلیکیشن ڈویژن کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اے ایم یو ملک کا پہلا ادارہ ہے جس نے اس نوعیت کا پلیٹ فارم نافذ کیا ہے۔
تربیتی سیشن کی قیادت محترمہ ونشیکا گوتم (ہیڈ آف آپریشنز، ریفریڈ سولوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ، نئی دہلی) نے کی۔ سیشن میں ای-لائبریری کے نئے فیچرز پر روشنی ڈالی گئی، جن میں شامل ہیں: بہتر یوزر انٹرفیس، سبسکرائب شدہ ای-وسائل تک آسان رسائی، جدید سرچ فنکشن، ایڈوانسڈ ایڈمن ڈیش بورڈ، اور اپگریڈ شدہ اینالیٹکس و رپورٹنگ سسٹم۔
یہ پلیٹ فارم https://amu.refread.com پر اور ایک مخصوص موبائل ایپ کے ذریعے دستیاب ہے، جو طلبہ و اساتذہ کو دنیا بھر کے ممتاز پبلشرز کے علمی و تحقیقی موادجیسے ای-بکس، ای-جرنلز، ویڈیو لیکچرز،مقالہ جات، اور ماہرین کے لیکچرزتک چوبیس گھنٹے رسائی فراہم کرتا ہے۔
پروگرام میں اے ایم یو کی مرکزی، شعبہ جاتی اور کالج لائبریریوں کے افراد نے شرکت کی، جنہیں اس نئے پلیٹ فارم کے مؤثر استعمال کی تربیت دی گئی تاکہ وہ صارفین کی بہتر رہنمائی کرسکیں۔
یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ اے ایم یو ای-لائبریری صرف ایک ڈیجیٹل کیٹلاگ نہیں بلکہ ایک جامع لرننگ ایکو سسٹم ہے جو طلبہ و اساتذہ کو لاکھوں علمی وسائل تک رسائی فراہم کرکے مسلسل علمی رابطے کو ممکن بناتا ہے۔
ڈپٹی لائبریرین ڈاکٹر منور اقبال نے اظہار تشکر کیا، جبکہ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر سید شاذ حسین نے کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ