نئی دہلی، 14 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان اور منگولیا نے منگل کو دو طرفہ بات چیت کی۔ اس میں دونوں ممالک نے دفاع، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ہی منگولیا کے لیے 1.7 ارب ڈالر کی لائن آف کریڈٹ، منگولیا کے شہریوں کے لیے مفت ای-ویزا، نئے دفاعی اقدامات اور مذہبی اور ثقافتی تعاون کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اعلانات بھی کیے گئے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور منگولیا کے صدر کھریلسکھ اکھنانے منگل کو حیدرآباد ہاوس میں دو طرفہ بات چیت کی۔ بات چیت کے دوران دونوں رہنماوں نے مفاہمت کی 10 یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے۔ ہندوستان منگولیا کو تیل ریفائنری پروجیکٹکے لیے 1.7 ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔ یہ دنیا میں ہندوستان کا سب سے بڑا ترقیاتی تعاون کا پروجیکٹ ہے۔
وزیر اعظم مودی اور منگولیا کے صدر اکھنا نے مشترکہ طور پر ہندوستان اور منگولیا کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ اس ڈاک ٹکٹ میں ہندوستان کے روایتی رام لیلا تھیٹر اور منگولیا کے بیالگی لوک رقص کو دکھایا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی رشتوں، مشترکہ ورثے اور پائیدار دوستی کی علامت ہے۔
دونوں رہنماوں نے مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس بیان دیا۔ وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ ہندوستان اب منگولائی شہریوں کو مفت ای- ویزا فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی، منگولین نوجوان ثقافتی سفیر کے طور پر سالانہ اسپانسر شدہ دوروں پر ہندوستان جائیں گے۔
صدر اکھنا نے وزیر اعظم مودی کو اپنے ملک کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے تذکرہ کیا کہ ایک منگولیائی ایئر کیریئر اس سال کے آخر میں امرتسر اور نئی دہلی کے لیے چارٹر پروازیں چلانے کی تیاری کر رہا ہے، جو سیاحت اور تجارت کے شعبوں سمیتہمارے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بات چیت خاص طور پر ہندوستان اور منگولیا کے درمیان قدیم ثقافتی رشتوں، ان کے مشترکہ بدھ وراثت اور اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہونے پر مرکوز تھی۔ ہندوستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ منگولیا ہندوستان کے ساتھ اپنے کثیر جہتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا منتظر ہے۔
خارجہ سکریٹری (مشرق) پی کمارن نے بات چیت کے بعد کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات مشترکہ فوجی مشقوں جیسے ” نومیڈک ایلیفینٹ“ اور ”خان کویسٹ“ پر مبنی ہیں۔ ہندوستان منگولیا کو سائبر سیکورٹی میں تربیت، آلات اور تکنیکی مدد فراہم کرتا رہا ہے۔ منگول کے صدر نے ہندوستانی امداد سے قائم سائبر سیکورٹی ٹریننگ سنٹر کی تعریف کی اور مزید ترقی کی تجویز دی۔
کمارن نے کہا کہ ہندوستان 2026 میں بھگوان بدھ کے مقدس آثار 'ارہنت موگل اینا' اور 'ارہنت ساری پترا' کو منگولیا بھیجے گا۔ ایک سنسکرت کے استاد کو بھی ایک سال کے لیے کندھنمٹھ میں بھیجا جائے گا۔ آٹھ منگول طالب علموں کے لیے ہندوستان کا دورہ کرنے کے لیے ایک آئی سی سی آر یوتھ اورینٹیشن ٹرپ شروع کی جائے گی، جبکہ 70 نئے آئی ٹی ای سی ٹریننگ سلاٹ فراہم کیے جائیں گے۔ منگولیا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ ، 'انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس' معاہدے پر دستخط کیے گئے، جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد