نئی دہلی، 14 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے اسسٹنٹ انجینئر جوشیتا داس کی خودکشی کے لیے اکسانے کے الزام میں ایک نجی کمپنی کے آرکیٹیکٹ، ایک نائب افسر اور پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے ایک ایگزیکٹیو انجینئر کے خلاف بونگائیگاؤں، آسام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
ایجنسی کے مطابق، یہ کارروائی آسام حکومت کے 11 اگست کے حکم اور عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، حکومت ہند کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی بنیاد پر کی گئی۔ ابتدائی طور پر بونگائیگاؤں پولس اسٹیشن میں درج کیس کو 7 اکتوبر کو سی بی آئی کو منتقل کردیا گیا تھا۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ متوفی جوشیتا داس کو منی اسٹیڈیم پروجیکٹ سے متعلق نامناسب اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے اعلیٰ افسران اور ٹھیکیداروں کی طرف سے دباؤ، دھمکیاں اور مجبور کیا جا رہا تھا۔ اس پر بے قاعدگی سے تخمینہ اور بل تیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، جس کی وجہ سے اس نے ذہنی تناؤ کی وجہ سے خودکشی کرلی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی