تلنگانہ میں نئے سفید راشن کارڈس کی تقسیم کے انتظاماتحیدرآباد، 14 اکتوبر (ہ س)۔ حال ہی میں حکومت نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاقوں میں 1.54 لاکھ سفید راشن کارڈس کی منظوری دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق خاندانوں کو روزمرہ کی ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ سول سپلائز ڈپارٹمنٹ نے ان کارڈس کے تحت اشیاء کی تقسیم کے انتظامات تیز کر دیئے ہیں۔ جولائی میں پہلے مرحلہ میں کارڈس جاری کئے گئے تھے اور بعد میں آنے والی درخواستوں کی جانچ کے بعد مزید اہل خاندانوں کو کارڈس فراہم کئے گئے۔ مجموعی طور پر تقریباً 6 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 1,54,276 خاندانوں کو اہل قراردے کر کارڈس جاری کئے گئے ہیں۔ ان کارڈس کے ذریعہ تقریباً 5.77 لاکھ افراد کوفائدہ پہنچے گا۔ نئے کارڈس کے تحت راشن کی تقسیم نومبرسے شروع کی جائے گی اوران کے لئے تقریباً 3,463 ٹن چاول درکار ہوگا۔ حیدرآباد میں 64,179 راشن کارڈس پر 2,80,640 استفادہ کنندگان ہیں جنہیں 1683 ٹن چاول فراہم کیا جائے گا۔ میڑچل ضلع میں 45,649 راشن کارڈس پر 1,49,081 استفادہ کنندگان کو 894 ٹن چاول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوسھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق