اے ایم یو میں عالمی یوم قلب کے موقع پر کارڈیو ویسکولر صحت پر ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 14 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے شعبہ امراض قلب اور شعبہ اینستھیسیولوجی کے اشتراک سے عالمی یومِ قلب کی مناسبت سے ایک بین شعبہ جاتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ مہمان خصوصی، ڈاکٹر بی کے راؤ (پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ، ایمرٹس کنسلٹنٹ و ایڈوائزر، انسٹی ٹیوٹ آف کریٹیکل کیئر اینڈ میڈیسن، سر گنگا رام اسپتال، نئی دہلی) نے اپنے کلیدی خطاب میں ہندوستان میں دل کے دورے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھی صحت محض قسمت سے نہیں بلکہ شعوری اور مستقل کوشش سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ورکشاپ میں حاصل شدہ علم کو اپنے کنبہ اور سماج میں عام کرتے ہوئے صحت بیداری کے سفیر بنیں۔
پروفیسر آصف حسن (چیئرمین، شعبہ امراض قلب، فیکلٹی آف میڈیسن) نے امراض قلب کے سلسلہ میں بیداری اور فوری مداخلت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور متعلقہ شعبوں کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا۔انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ پروفیسر ایم اظہرالدین ملک نے بتایا کہ تقریباً 96 فیصد ہارٹ اٹیک کو بیداری، بروقت اقدامات اور باقاعدہ ورزش سے روکا جا سکتا ہے۔ پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر شاد عبقری نے دل کی پیدائشی بیماریوں کے چیلنج اور احتیاطی تدابیر و خود سے نگہداشت کی اہمیت پر زور دیا۔
بیسک اور کمپریہینسو کارڈیک لائف سپورٹ کے سرٹیفائیڈ انسٹرکٹرز ڈاکٹر شہنا علی اور ڈاکٹر مناظر اطہر نے شرکاء کو سی پی آر یعنی دل کو دوبارہ زندہ کرنے کی عملی تربیت دی اور ہنگامی حالات میں اس کی اہمیت کو واضح کیا۔ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحت صرف کسی ایک شعبے کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ ایک مشترکہ انسانی ذمہ داری ہے۔
تقریب کے دوران پروفیسر سلمیٰ احمد کی نئی کتاب ”کیئر فار ہیلتھ: اے فیوژن آف کانٹیکٹس“ کا اجراء ڈاکٹر بی کے راؤ نے کیا۔ یہ کتاب صحت اور بہبود سے متعلق مختلف نقطہ ہائے نظر کو یکجا کرتی ہے۔پروفیسر ولید احمد انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ روزانہ کی جسمانی سرگرمی اور ذہنی سکون نہ صرف دل کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ ذہنی و جذباتی صحت میں بھی بہتری لاتے ہیں۔ کنوینر ڈاکٹر آصف علی سید نے طرزِ زندگی میں مستقل تبدیلیوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ طویل المدتی قلبی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تقریب کی نظامت ریسرچ اسکالر ثانیہ خان نے کی، جبکہ رشدہ کلیم نے اظہارِ تشکر کیا۔ ریسرچ اسکالرز عنبرین شاکر، طوبیٰ بلگرامی، ضیاء رضوی، اور سُمت تومر سمیت ایم بی اے کے طلبہ نے ورکشاپ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ یومِ قلب کی مناسبت سے، ڈاکٹروں اور اساتذہ کو کپڑے کے تھیلے تقسیم کیے گئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ