مہاراشٹر حکومت نے امبیڈکر سوسائٹی کو دی 500 کروڑ کی امداد
ممبئی،
14 اکتوبر(ہ س)۔ مہاراشٹر
حکومت نے تعلیمی و سماجی فلاح کے میدان میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈاکٹر بابا
صاحب امبیڈکر کی پیپلز ایجوکیشن سوسائٹی کی ترقی کے لیے 500 کروڑ روپے کی منظوری
دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں منظور کی گئی یہ
اسکیم پانچ سال پر محیط ہوگی، جس کے ذریعے ممبئی اور اورنگ آباد میں واقع نو تعلیمی
اداروں اور دو ہاسٹلوں کی تزئین و مرمت اور جدید کاری عمل میں لائی جائے گی۔
یہ اسکیم
ان اداروں کی تاریخی اور تعلیمی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کو جدید
خطوط پر استوار کرے گی۔ پیپلز ایجوکیشن سوسائٹی جو 8 جولائی 1945 میں قائم ہوئی تھی،
علم، مساوات، ہمدردی، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے۔ اس کے تحت اس وقت
مہاراشٹر اور کرناٹک میں 12 کالجز چل رہے ہیں، جن میں چھ ممبئی یونیورسٹی سے، پانچ
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی سے اور ایک پونے یونیورسٹی سے وابستہ
ہے۔
پروجیکٹ
کے تحت کلاس رومز، لیبز، لائبریریوں، اور ہاسٹل عمارتوں کو جدید سہولیات سے آراستہ
کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ڈیجیٹل سسٹمز، نیٹ ورکنگ اور اسمارٹ لرننگ انفراسٹرکچر بھی
تیار کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو فائدہ پہنچنے کا امکان
ہے، جن میں خصوصاً بدھ مت، درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقوں
کے طلبہ شامل ہیں۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے