پٹنہ ، 13 اکتوبر (ہ س)۔ بہار کرکٹ ایسوسی ایشن (بی سی اے) نے اتوار کو 2025-26 رنجی ٹرافی سیزن کے پہلے دو میچوں کے لیے سینئر ٹیم کا اعلان کر دیا۔ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد 14 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دی گئی۔ ٹیم کی قیادت ثاقب الغنی کو سونپی گئی ہے، جب کہ ویبھو سوریہ ونشی نائب کپتان کے طور پراپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔
بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہرش وردھن نے کہا،”یہ ٹیم تجربے اور نوجوانوں کے جوش و جذبے کا بہترین امتزاج ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم رنجی ٹرافی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ویبھو نے حال ہی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بہار میں کرکٹ کی صلاحیتوں کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم اس سیزن میں مضبوط دعویدار بنائے گی۔“
اس سال کے شروع میں، ویبھو سوریہ ونشی نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے انڈر 19 ون ڈے میں صرف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ اس وقت بی سی اے کے صدر نے پیش گوئی کی تھی کہ نوجوان بلے باز مستقبل میں کئی ریکارڈ توڑے گا۔
آئی پی ایل 2025 میں راجستھان رائلز (آ ر آر) کے لیے کھیلتے ہوئے، ویبھو نے سات میچوں میں 252 رن بنائے اور وہ سیزن کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں سے ایک تھے۔ اس کے علاوہ ، ویبھو کو اس سال پٹنہ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنے کا موقع بھی ملا۔
بہار کی 14 رکنی ٹیم : پیوش کمار سنگھ، بھاسکر دوبے، ثاقب الغنی (کپتان)، ویبھو سوریہ ونشی (نائب کپتان)، ارنو کشور، آیوش لوہوروکا، بپن سوربھ، امود یادو، نواز خان، ثاقب حسین، راگھویندر پرتاپ سنگھ، سچن کمار سنگھ،ہمانشو سنگھ، خالد عالم اور سچن کمار۔
سپورٹ اسٹاف: ونائک سامنت (ہیڈ کوچ)، کمار مردول (اسسٹنٹ کوچ)، ڈاکٹر ہیمیندو کمار سنگھ (فزیو تھیریپسٹ)، گوپال کمار (ایس اینڈ سی کوچ)۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد