پٹنہ، 12 اکتوبر (ہ س)۔نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے اتوار کی شام بہاراسمبلی انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کیا۔ بی جے پی اور جے ڈی یو کو 101 سیٹیں دی گئی ہیں۔ چراغ پاسوان کی پارٹی 29 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ راشٹریہ لوک مورچہ اور ہم کو 6-6 سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں۔بہاراسمبلی انتخابات کے حوالے سے این ڈی اے کے اعلان کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 101 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی، جب کہ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) 101 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ چراغ پاسوان کی پارٹی، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) 29 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرے گی، جب کہ جیتن رام مانجھی کی ہندوستان عوامی مورچہ (ہم ) اور اوپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) 6-6امیدوار کھڑے کرے گی۔بی جے پی کے بہار انچارج ونود تاوڑے نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ این ڈی اے نے خوشگوار ماحول میں اور باہمی رضامندی سے آئندہ بہار اسمبلی انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم مکمل کر لی ہے۔ این ڈی اے کی تمام جماعتوں کے لیڈروں اور کارکنوں نے اس فیصلے کا خوشی سے خیر مقدم کیا ہے۔ تمام اتحادیوں نے تیاری کر لی ہے اور بہار میں دوبارہ این ڈی اے کی حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم اس طرح ہے: بی جے پی - 101 سیٹیں، جے ڈی یو - 101 سیٹیں، ایل جے پی (رام ولاس) - 29 سیٹیں، آر ایل ایس پی - 06 سیٹیں، ہم - 06 سیٹیں۔جے ڈی یو کے کارگزار قومی صدراورراجیہ سبھا کے رکن سنجے جھا نے بھی سوشل میڈیا پر یہ معلومات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے کے اتحادیوں نے خوشگوار ماحول میں سیٹوں کی تقسیم کو مکمل کیا ہے۔ جے ڈی یو - 101، بی جے پی - 101، ایل جے پی (آر) - 29، آر ایل ایم او - 06 اور ہم - 06 سیٹوں پر بہار اسمبلی -2025 کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan