کاٹھمنڈو، 12 اکتوبر (ہ س)۔ نیپال حکومت نے 271 سابق وزراء، سابق ارکان پارلیمنٹ، ریٹائرڈ ججوں اور سابق سرکاری اہلکاروں کی ذاتی حفاظت کے لیے تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے یہ فیصلہ اتوار کو وزیر داخلہ سطح کی میٹنگ کے دوران لیا۔ جس کے بعد سرکاری اصولوں کے خلاف تعینات 271 افراد کے سکیورٹی اہلکاروں کو واپس لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان اور جوائنٹ سکریٹری آنند کافلے کے مطابق نیپال پولیس کے 174 اہلکاروں اور آرمڈ پولیس فورس (اے پی ایف) کے 74 اہلکاروں کو اب تک واپس لے لیا گیا ہے۔
حکومت نے حال ہی میں سابق وزرائے اعظم کے لیے حفاظتی انتظامات کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی سابق وزرائے اعظم کے پی اولی، پراچنڈا، مادھو کمار نیپال، جھلناتھ کھنال، اور ڈاکٹر بابورام بھٹارائی کی حفاظت کے لیے تعینات پولیس فورس واپس لے لی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ واپس لیے گئے اہلکاروں کو ان کی متعلقہ ایجنسیوں کے ذریعے باقاعدہ ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی