ویسٹ انڈیز اب بھی بھارت سے 97 رن سے پیچھے ہے۔
نئی دہلی، 12 اکتوبر (ہ س)۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز (فالو آن) میں دو وکٹ پر 173 رن بنائے تھے۔ جان کیمبل 87 اور شائی ہوپ 66 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیم اب بھی ہندوستان سے 97 رن سے پیچھے ہے۔
ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹ پر 518 رن پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 248 رن پر ڈھیر ہو گئی جس سے بھارت کو 270 رنوں کی برتری حاصل ہوئی اور اسے فالو آن پر مجبور کر دیا۔
فالو آن کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو پہلا جھٹکا 17 کے اسکور پر لگا۔ محمد سراج نے تیجنارائن چندر پال کو گل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 35 کے اسکور پر ایلک ایتھنزے کی صورت میں گری۔ چندر پال نے 10 اور ایتھنازے نے سات رن بنائے۔ دو وکٹیں جلد گنوانے کے بعد کیمبل اور ہوپ نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں نے 138 رن کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور اسکور کو 2 وکٹ پر 173 تک لے گئے۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد کیمبل 145 گیندوں پر 87 اور ہوپ 103 گیندوں پر 66 رن بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ مہمان ٹیم پہلی اننگ کی بنیاد پر اب بھی بھارت سے 97 رن پیچھے ہے۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 248 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس سے قبل آج لنچ کے بعد ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 248 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رن ایلک ایتھنازے نے بنائے۔ انہوں نے 84 گیندوں میں 41 رن بنائے۔ اس کے علاوہ ہوپ نے 57 گیندوں میں 36، چندر پال نے 34، کھیری پیئر نے 23، تیون املاچ نے 21، جسٹن گریویز نے 17، جان کیمبل نے 10 اور اینڈرسن فلپ نے 24 رن ناٹ آؤٹ بنائے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 5، رویندرا جڈیجا نے 3، جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت نے اپنی پہلی اننگز 518 رن پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 518 رن بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ کپتان شبمن گل نے 129 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 10ویں سنچری اسکور کی۔ یشسوی جیسوال نے 175 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ جیسوال اور گل کے علاوہ سائی سدرشن نے 87 رن، دھرو جوریل نے 44 رن، نتیش کمار ریڈی نے 43 رن اور کے ایل راہل نے 38 رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے پہلی اننگز میں 3 اور روسٹن چیز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا یہ دوسرا میچ ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو پہلا میچ جیت کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی