نئی دہلی، 12 اکتوبر (ہ س)۔ کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے ہریانہ کیڈر کے سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کی خودکشی پر آنجہانی آئی پی ایس افسر اور آئی اے ایس افسر امنیت پی کمار کی اہلیہ کو خط لکھ کر تعزیت کا اظہار کیا۔
کھڑگے نے خط میں لکھا ہے کہ اس واقعہ نے انہیں ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہیں یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ پورن کمار نے سماجی تعصبات اور عدم مساوات سے لڑتے ہوئے اپنی جان لے لی تھی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنی طویل عوامی زندگی میں کئی واقعات دیکھے ہیں لیکن امتیازی سوچ کی وجہ سے پیش آنے والا یہ المناک واقعہ سماجی انصاف کے لیے لڑنے والوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ جہاں ملک کو چاند پر اپنا جھنڈا لگانے پر فخر ہے، وہیں یہ انتہائی شرمناک ہے کہ سماج میں اب بھی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ یہ تشویشناک بات ہے کہ اگر ہم ان لوگوں کی بھی حفاظت نہیں کر پا رہے جن کے دکھ اور درد کا ہم آئین کے ذریعے مداوا کرنے کے پابند ہیں۔ خط میں، کھڑگے نے امنیت کو صبر اور حوصلہ رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی