درگاپور اجتماعی عصمت دری معاملے کے بعد ممتا بنرجی نے لڑکیوں کو رات دیر تک باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی
-  ممتا بنرجی کے بیان پر اپوزیشن پارٹیوں کا سخت ردعمل
درگاپور اجتماعی عصمت دری معاملے کے بعد ممتا بنرجی نے لڑکیوں کو رات دیر تک باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی


کولکاتا، 12 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کے درگاپور میں اڈیشہ کی میڈیکل کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے معاملہ پر بیان دیا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کو رات تک باہر نہ رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلوں میں رہنے والے طلباء بالخصوص ریاست سے باہر کے طلباء و طالبات کو رات کے وقت باہر نہیں جانا چاہئے اور ہاسٹل کے قوانین پر عمل کرنا چاہئے۔

اتوار کو کولکاتا ہوائی اڈے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا، یہ ایک چونکا دینے والا واقعہ ہے۔ ہماری حکومت کا اس طرح کے جرائم کے لیے زیرو ٹالرینس کا نقطہ نظر ہے۔ تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، اور باقی کی تلاش جاری ہے۔ کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہاسٹلوں میں رہنے والی طالبات، خاص طور پر بنگال سے باہر کی طالبات کو ہاسٹل کے قوانین پر عمل کرنا چاہیے۔ انہیں رات گئے تک باہر نہیں نکلنا چاہئے، حالانکہ انہیں کہیں بھی جانے کا بنیادی حق حاصل ہے۔

وزیر اعلیٰ کے اس بیان کے بعد کئی سماجی تنظیموں اور اپوزیشن جماعتوں نے ان پر تنقید کی ہے۔ حقوق نسواں کی ایک کارکن نے کہا، صرف اس لیے کہ ایک لڑکی رات کو باہر نکلتی ہے، کسی کو یہ حق نہیں دیتی کہ وہ اسکے خلاف جرم کا رتکاب کرے۔ وزیر اعلیٰ کو ان کے خلاف مشورہ دینے کے بجائے یہ بیان کرنا چاہیے تھا کہ ریاست میں ہر لڑکی ہر وقت محفوظ ہے۔

وزیراعلیٰ کے بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ بی جے پی لیڈر راہل سنہا نے الزام لگایا کہ ممتا بنرجی کی حکومت خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ ریاست میں بڑھتے جرائم پر قابو پانے کے بجائے وزیر اعلیٰ متاثرین پر الزام لگا رہے ہیں۔

ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ جس پرائیویٹ میڈیکل کالج میں طالبہ زیر تعلیم تھی اس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کیمپس اور آس پاس کے علاقوں میں مناسب سیکورٹی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا، نجی کالجوں کو اپنے طلباء کی حفاظت کو ترجیح دینی چاہیے۔

درگاپور کا واقعہ جمعہ کی رات اس وقت پیش آیا جب اڈیشہ کے بالسور ضلع کے جلیشور سے تعلق رکھنے والی میڈیکل کا ایک طالبہ اپنے دوست کے ساتھ ڈنر کرنے کالج سے باہر گئی تھی۔ اس دوران اسے کچھ افراد نے اغوا کر کے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande