نالندہ،11اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے نالندہ سے ایک دل دہلا دینے والاواقعہ سامنے آیا ہے۔ شراب کے نشے میں دھت شوہر نے بیوی کو زندہ جلا کرخوفناک طریقے سے قتل کر دیا۔ اس واقعہ سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ واقعہ اسلام پور تھانہ علاقہ کے تحت چلہن بیگھا گاؤں میں پیش آیا۔متوفی کی شناخت وکاس کمار کی اہلیہ 25 سالہ سنیتا دیوی کے طور پر ہوئی ہے۔ ہلسا تھانہ علاقہ کے تحت دولت پور گاؤں کے رہنے والے سنجے گوپ نے بتایا کہ کل رات 12:00 بجے ان کے داماد نے فون کیا اور کہا کہ تمہاری بیٹی مر گئی ہے۔ اس کے بعد اس نے کال کاٹ دی۔ اس رات جب اس نے دوبارہ کال کیا تو اس کا فون بند تھا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا، گھر کو سیل کر دیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرانزک ٹیم کو طلب کر لیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شادی کے بعد سنیتا کے دو بچے بھی ہوئے لیکن کچھ ہی دیر بعد دونوں کی موت ہوگئی۔دسہرہ کے صرف پانچ دن بعد وکاس کمار گھر میں کھانے پینے کی قلت کا حوالہ دیتے ہوئے خاتون کو اپنے ساتھ لے گیا۔ متوفی کے بھائی پنٹو کمار نے بتایا کہ وکاس کمار نشے کا عادی تھا۔ شادی کے وقت انہیں 12 لاکھ روپے نقد، ایک اپاچی موٹر سائیکل، سونے اور چاندی کے زیورات اور کئی دیگر اشیا تلک کے طور پر دی گئیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan