نئی دہلی، 11 اکتوبر (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کوالکوم کے صدر اور سی ای او کرسٹیانو آر آمون سے ملاقات کی اور مصنوعی ذہانت ، اختراع اور ہنر مندی کی ترقی میں بھارت کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے بھارت کے سیمی کنڈکٹر اور اے آئی مشنز کے تئیں کوالکوم کی وابستگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایسی ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لیے بے مثال ٹیلنٹ اور وسعت فراہم کرتا ہے، جو اجتماعی مستقبل کی تشکیل کریں گی۔
کوالکوم کے صدر اور سی ای او کرسٹیانو آر۔ آمون نے بھارت-اے آئی اور بھارت سیمی کنڈکٹر مشنز کی حمایت میں کوالکوم اور بھارت کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے اور 6 جی میں منتقلی پر ہوئی بامعنی گفتگو کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اے آئی اسمارٹ فونز، پی سی، اسمارٹ گلاسز، آٹو موٹیو، صنعتی شعبوں وغیرہ میں ایک بھارتی ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کے مواقع پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے ایکس پر لکھا،
کرسٹیانو آر۔ آمون کے ساتھ ایک شاندار ملاقات ہوئی جہاں ہم نے مصنوعی ذہانت، اختراع اور ہنر مندی کی ترقی میں بھارت کی پیش رفت پر بات چیت کی۔ بھارت کے سیمی کنڈکٹر اور اے آئی مشنز کے تئیں کوالکوم کی وابستگی کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ بھارت ایسی ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لیے بے مثال صلاحیت اور وسعت رکھتا ہے، جو ہمارے اجتماعی مستقبل کی تشکیل کریں گی۔
اس سے پہلے، کرسٹیانو آر۔ آمون نے ایکس پر لکھا،
بھارت کے اے آئی اور سیمی کنڈکٹر مشنز کے ساتھ ساتھ 6 جی میں منتقلی کی حمایت میں کوالکوم اور بھارت کے درمیان وسیع شراکت داری کو فروغ دینے پر وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ۔ ہم اے آئی اسمارٹ فونز، پی سی، اسمارٹ گلاسز، آٹو، صنعتی اور دیگر شعبوں میں ایک بھارتی ماحولیاتی نظام کی ترقی کے مواقع سے کافی پرامید ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد