سانگلی میں جعلی نوٹوں کا بڑا ریکیٹ پکڑا گیا، ایک پولیس اہلکار سمیت پانچ گرفتار
سانگلی، 11 اکتوبر(ہ س)۔ مہاراشٹر
کے سانگلی ضلع کے میراج علاقے میں پولیس نے جعلی کرنسی کے بڑے ریکٹ کا پردہ فاش
کرتے ہوئے پانچ ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شامل
ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے کی جعلی کرنسی، پرنٹنگ
مشین، اسکینر اور دیگر آلات ضبط کیے ہیں۔
پولیس
سپرنٹنڈنٹ سندیپ گھُگے نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ میراج۔پنڈھرپور
روڈ کے نیلجی بامنی پل کے قریب جعلی نوٹوں کی خرید و فروخت ہو رہی ہے۔ اس اطلاع پر
کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے سپریت کڑپا دیسائی کو 42 ہزار روپے مالیت کے جعلی
نوٹوں کے ساتھ گرفتار کیا۔
اس کی
نشاندہی پر پولیس نے کولہاپور میں واقع ایک چائے کی دکان پر چھاپہ مارا جہاں سے
500 اور 200 روپے کے جعلی نوٹ، ایک کلر زیروکس مشین، اسکینر پرنٹر اور ایک گاڑی
برآمد کی گئی۔ یہ دکان پولیس کانسٹیبل ابرار آدم انعامدار (44) کی بتائی جاتی ہے۔
پولیس
کے مطابق، دیگر گرفتار افراد میں راہل راجارام جادھو (33)، نریندر جگن ناتھ شندے
(40) اور سدھیش جگدیش مہاترے (38) شامل ہیں۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دکان کو جعلی
کرنسی تیار کرنے اور پھیلانے کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
پولیس
نے بتایا کہ اس گروہ کے تعلقات کہاں تک ہیں اور جعلی کرنسی کس علاقے میں چلائی جا
رہی تھی، اس کی جانچ جاری ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ گھُگے نے کہا کہ ریکیٹ کا سراغ
لگانے والی ٹیم کو انعام دیا جائے گا۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے