بھونیشور، 11 اکتوبر (ہ س)۔ ایشیائی انڈر -18 چمپئن ہمانشو جاکھڑ نے جمعہ کو کلنگا اسٹیڈیم میں نیشنل جونیئر ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں اسٹارنیزہ پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا کا 11 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہیمانشو نے 2026 ورلڈ انڈر- 20 چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔
اپریل میں سعودی عرب میں ہونے والی ایشیائی چیمپئن شپ میں 67.57میٹر نیزہ پھینککر سونے کا تمغہ جیتنے والے ہمانشونے اس بار زبردست بہتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے انڈر- 18 کوالیفکیشن راونڈ میں 79.96میٹر نیزہ پھینکا۔ یہ نہ صرف ورلڈ انڈر- 20 کے اہلیت کے نشان (68.50 میٹر) سے کہیں بہتر تھا بلکہ 2014 میں وجے واڑہ میں نیرج چوپڑا کے قائم کردہ 76.50 میٹر کے ریکارڈ سے بھی تین میٹر زیادہ رہا۔
اسی مقابلے میں، موہت چودھری نے انڈر- 20 مردوں کی 5000 میٹر دوڑ میں 14:09.71 سیکنڈ کے ساتھ ایک نیا میٹ ریکارڈ قائم کیا۔ وہیں، ایلس وکل نے انڈر- 16 لڑکیوں کے شاٹ پٹ کوالیفکیشن میں 13.26 میٹر کے تھرو کے ساتھ الکا سنگھ کا قومی ریکارڈ (13.10 میٹر) توڑ دیا۔
یہ کارکردگی ملک کے جونیئر کھلاڑیوں کے زبردست عروج کی علامت ہے، جو بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے لیے نئی امیدیں جگا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد