نئی دہلی، 11 اکتوبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے سبریمالا مندر میں سونا چوری معاملے میں کیرالہ حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی نے کہا کہ بائیں بازو کی حکومتوں نے سناتن اداروں کو لوٹ اور بدعنوانی کا اڈہ بنا دیا ہے۔ اس واقعہ پر حملہ کرتے ہوئے بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چغ نے کہا کہ سبری مالا جیسے مقدس مقامات پر سونا لوٹنا شرمناک ہے۔ اس کی فوری طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے مجرموں کو پکڑا جائے۔ عقیدت مندوں کے عقیدے سے کھیلنا ناقابل برداشت ہے۔
ہفتہ کو بی جے پی ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چغ نے کہا کہ کیرالہ میں بائیں بازو کی حکومت نے ہندو مندروں کو بدعنوانی کے اڈوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ ریاستی حکومت کی ایس آئی ٹی کی تحقیقات کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے۔ احتساب کا عمل طے ہونا چاہیے۔ مجرموں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ 39 دن تک مندر کا سامان کیسے ادھرسے ادھر گھومتا رہا؟ کیرالہ میں بائیں بازو کی حکومت برسوں سے مندروں سے سونا لوٹ رہی ہے۔ بائیں بازو کی حکومت نے مندر کو برسوں سے سونے کی لوٹ کے اڈے میں تبدیل کر رکھا ہے۔ پوری دنیا میں سناتن عقیدہ رکھنے والوں کے لیے یہ افسوسناک خبر ہے۔ اس کی فوری انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو کیرالہ ہائی کورٹ نے سبریمالا مندر کے دروازے کی چوکھٹ سے سونے کے غبن کے سلسلے میں فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ریاستی پولیس کو تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیا۔ ویجیلنس کی رپورٹ کے مطابق، تقریباً 474.9 گرام سونا اننی کرشنن پوٹی کے حوالے کیا گیا تھا۔ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کو تحقیقات کی تفصیلات کو عوام کے سامنے ظاہر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد