نئی دہلی، 11 اکتوبر (ہ س)۔
بھارت نے یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو اپنی پہلی اننگز 5 وکٹ پر 518 رنز پر ڈکلیئر کردی۔
دوسرے دن، کپتان شبھمن گل نے شاندار 10ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی، انہوں نے ناٹ آوٹ 129 رنز بنائے۔ یہ ہندوستان میں بطور کپتان گل کی پہلی ٹیسٹ سنچری تھی۔ گل نے دھرو جوریل کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 102 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ جوریل نے بڑے شاٹ کی کوشش کے دوران بولڈ ہونے سے قبل 44 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔ گل نے ان کے آوٹ ہونے کے فوراً بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔ گل 129 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اس اننگز کے ساتھ ان کے کیریئر کی اوسط 43.47 اور بطور کپتان ان کی اوسط 84.81 تک پہنچ گئی۔
ہندوستان کا واحد مایوس کن لمحہ دن کے اوائل میں آیا جب یشسوی جیسوال کی 175 رنز کی شاندار اننگز رن آوٹ ہو گئے۔ یہ رن آوٹ شبھمن گل کے ساتھ ہم آہنگی کے فقدان کا نتیجہ تھا۔
ویسٹ انڈیز کا باولنگ اٹیک پوری اننگز میں غیر موثر دکھائی دیا۔ کے ایل راہل (38) ہندوستان کے سب سے کم اسکورر تھے، جب کہ ان کی 57 کی ابتدائی شراکت داری سب سے کم تھی۔ جیسوال اور گل کے علاوہ سائی سدرشن نے بھی 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے تین اور روسٹن چیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ