نئی دہلی، 11 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک ایسی سنسنی خیز گرفتاری کی ہے جس نے سب کو چونکا دیا ہے۔ عدالت اور پولیس کو دھوکہ دینے کے لیے خود کو مردہ قرار دینے والا ملزم زندہ پکڑا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت منگیش پور کے رہنے والے ویریندر ومل کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس ٹیم نے اسے گورکھپور (یوپی) سے گرفتار کیا۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس آدتیہ گوتم کے مطابق، ملزم کے خلاف بوانا پولیس اسٹیشن میں چوری، ڈکیتی اور غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے کئی مقدمات درج تھے۔ عدالت کے جاری کردہ غیر ضمانتی وارنٹ سے بچنے کے لیے، اس نے جعلی ایم سی ڈی ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور عدالت میں یہ ظاہر کیا کہ اس کی موت 24 اگست 2021 کو ہوچکی تھی۔
جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی ختم کر دی گئی۔ تاہم، جب کرائم برانچ یونٹ نے پرانے معاملات میں اپنی تفتیش دوبارہ کھولی، ڈیجیٹل ریکارڈ اور مقامی تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزم زندہ ہے اور گورکھپور میں چھپا ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے کہا کہ کرائم برانچ نے ملزم کی شناخت کی تصدیق کے لیے کنڈلی ایپ اور”فیشیل ریکگنیشن سسٹم“سے تصدیق کی۔ اس کی موجودہ تصویریں پولیس کے پرانے ریکارڈ سے ملتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد