آئی پی ایل کی طرز پر شروع کی جائے گی آسام پریمیئر لیگ
- سالانہ جنرل میٹنگ کا انعقاد ، 28-2025 کے لیے نئی اعلیٰ کونسل کی تشکیل
آئی پی ایل کی طرز پر شروع کی جائے گی آسام پریمیئر لیگ


گوہاٹی، 11 اکتوبر (ہ س): آسام کرکٹ ایسوسی ایشن (اے سی اے) نے ہفتہ کو گوہاٹی میں صدر ترنگ گوگوئی کی قیادت میں اپنی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) کا انعقاد کیا۔ بی سی سی آئی کے اعزازی سکریٹری دیبجیت سائکیا اجلاس کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اے سی اے کے صدر ترنگ گوگوئی نے اعلان کیا کہ آسام پریمیئر لیگ، جو کہ آئی پی ایل کی طرح ہے، اگلے سال شروع کی جائے گی۔ میٹنگ میں اے سی اے کے سکریٹری تردیب کونور، نائب صدر راجدیپ اوجھا، جوائنٹ سکریٹری راجندر سنگھ، خزانچی چرنجیت لنگتھاسا، اپیکس کونسل کے اراکین، اور تمام منسلک ضلعی اکائیوں کے نمائندے موجود تھے۔

اے جی ایم ممبران نے سیکرٹری کی رپورٹ برائے 25-2024 کی منظوری دی، خزانچی کی رپورٹ کو اپنایا، اسی مدت کے لیے آڈٹ شدہ کھاتوں کو قبول کیا، اور 26-2025 کا سالانہ بجٹ منظور کیا۔ نئے مالی سال کے لیے آڈیٹر کی تقرری کی بھی تصدیق کر دی گئی۔

میٹنگ شروع ہونے سے پہلے آسام کے ثقافتی آئیکن زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سیشن میں آسام میں کرکٹ کی مجموعی ترقی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اراکین نے کھلاڑیوں کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملیوں کا جائزہ لیا جس کا مقصد ریاست کے کرکٹ ایکو سسٹم کو مضبوط کرنا ہے۔

کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اور ہندوستانی کرکٹ میں آسام کی پوزیشن کے لیے اے سی اے کے طویل مدتی وژن پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران اے سی اے اور اس کے ممبر یونٹس کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے لیے ایک ضلعی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

اے جی ایم کی ایک اہم بات 28-2025 کی مدت کے لیے ایک نئی اپیکس کونسل کی تشکیل تھی۔ ترنگ گوگوئی کو متفقہ طور پر دوبارہ صدر منتخب کیا گیا، جبکہ سناتن داس کو بلامقابلہ سکریٹری منتخب کیا گیا۔ دیگر عہدیداروں میں رومین دتہ نائب صدر، راجندر سنگھ جوائنٹ سکریٹری، انوپم ڈیکا بطور خزانچی، اور مکوتا نندا بھٹاچاریہ اپیکس کونسل کے ارکان شامل ہیں۔ راجدیپ اوجھا اور سدیپ چکرورتی کو بھی ایک سال کے لیے گورننگ کونسل کے ممبران کے طور پر شامل کیا گیا۔

اس موقع پر دیبجیت سائکیا نے سیلیبریٹنگ کرکٹ، بلڈنگ دی فیوچر کے عنوان سے ایک کافی ٹیبل بک کی نقاب کشائی کی۔

آسام کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے الحاق شدہ اراکین، ضلعی اکائیوں، کوچز، کھلاڑیوں اور خیر خواہوں کا ان کی مسلسل حمایت کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ نئی توانائی اور اجتماعی نقطہ نظر کے ساتھ، نئی اپیکس کونسل آنے والے سالوں میں آسام کرکٹ کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande