میامی، 11 اکتوبر (ہ س)۔ لیونل میسی کی عدم موجودگی کے باوجود ارجنٹینا نے جمعہ کو میامی میں کھیلے گئے بین الاقوامی دوستانہ میچ میں وینزویلا کو 1-0 سے شکست دی۔ عالمی چیمپئن ارجنٹینا نے میچ کا واحد گول 31ویں منٹ میں جیووانی لو سیلسو نے کیا۔ یہ گول ٹیم ورک کی ایک شاندار کوشش کا نتیجہ تھا، جس میں جولین الواریز اور لاوٹارو مارٹینز کے درمیان ایک بہترین شراکت داری شامل رہی۔ لو سیلسو نے وینزویلا کے گول کیپر ہوزے کونٹریاس کو درست لیفٹ -فٹ شاٹ سے مات دی۔
یہ میچ ہارڈ راک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں 65 ہزار گنجائش والے اسٹیڈیم میں صرف 15 ہزار تماشائی موجود تھے۔ انٹر میامی اسٹار میسی اسٹینڈز سے یہ مقابلہ دیکھتے ہوئے نظر آئے ۔
ارجنٹیا کے لیے الواریز اور مارٹینز نے مسلسل حملہ آور کھیل کا مظاہرہ کیا، جبکہ فل بیک ناہوئل مولینا نے بھی متاثر کیا۔
یہ میچ بین الاقوامی وقفے کے دوران فلوریڈا میں ارجنٹینا کے دو پریکٹس میچوں میں سے پہلا تھا۔ عالمی چیمپئن اگلا منگل کو فورٹ لاڈرڈیل میں پورٹو ریکو کے خلاف کھیلے گا۔ یہ میچ اصل میں شکاگو کے سولجر فیلڈ میں ہونا تھا لیکن امریکہ میں امیگریشن کے خلاف حکومتی کریک ڈاون کے درمیان اسے منتقل کر دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد