علی گڑھ, 10 اکتوبر (ہ س) ۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبداللہ ہال کی جانب سے منعقدہ انٹر ہال ویمنس کرکٹ ٹورنامنٹ میں عبداللہ ہال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطابی مقابلہ جیتا۔ ٹورنامنٹ میں مختلف ہاسٹلوں کی چھ ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل میچ میزبان عبداللہ ہال اور ایس این ہال کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ایس این ہال نے 79 رنز بنائے۔ اقرا نے 36 رنز اسکور کیے اور 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مونم نے 26 رنز بنائے اور 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں، عبداللہ ہال نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے پرسنّا نے 30 رنز اور 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سکینہ نے 29 رنز اور 2 وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔
عبداللہ ہال کی پرووسٹ ڈاکٹر شیبا جیلانی نے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کیے جانے چاہئیں تاکہ نئے ابھرتے ہوئے ہنر کو فروغ ملے اور اے ایم یو کی ویمنس ٹیم مزید مضبوط ہو کر قومی سطح پر یونیورسٹی کی نمائندگی کر سکے۔ میچ کی امپائرنگ کے فرائض گیمز سپروائزر محترمہ مہوش خان نے انجام دیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ