
پرتاپ گڑھ، 02 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع میں ہورہی مسلسل شدید بارش اب لوگوں کے لیے تباہی کا باعث بن رہی ہیں۔ نواب گنج پولیس اسٹیشن کے علاقے کے ایک گاوں میں بدھ کی صبح بارش کی وجہ سے ایک کچا گھر اچانک گر گیا۔ حادثے میں ایک ڈیڑھ سال لڑکا ملبے کے نیچے دب کر المناک طور پر ہلاک ہو گیا۔
چھوٹی کوتھریا گاوں کے رہائشی چندر پرکاش یادو کا کچا گھر مسلسل بارش کی وجہ سے کمزور ہو گیا تھا۔ بدھ کی صبح گھر اچانک گر گیا۔ حادثے کے دوران ڈیڑھ سال کا پریانش ملبے کے نیچے دب گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ اہل خانہ اور پڑوسیوں نے اسے ملبے سے باہر نکالا، لیکن تب تک اس کی سانسیں تھم چکی تھیں۔ متوفی پریانش دو بھائیوں اور ایک بہن میں سب سے چھوٹا تھا۔ معصوم کی بے وقت موت کے بعد خاندان میں غم کا ماحول اور پورا گاوں سوگ میں ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کڈراو گاوں کے پردھان رامپیارے اور پردھان نمائندہ پربھاکر پٹیل موقع پر پہنچ گئے اور متاثرہ خاندان کو پرسہ دیا۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور واقعے کی تحقیقات شروع کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی